پہلگام حملہ: کماری سیلجا نے ونے نروال کے اہل خانہ سے کی ملاقات، شفاف تحقیقات کا مطالبہ

کماری سیلجا نے پہلگام حملے میں شہید ونے نروال کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ سکیورٹی چوک پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچاؤ کے لیے سخت اقدامات ضروری ہیں

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

سرسا: کانگریس کی سینئر رہنما کماری سیلجا اتوار کے روز پہلگام حملے میں جان گنوانے والے بحریہ کے افسر ونے نروال کے اہل خانہ سے ملاقات کے لیے پہنچیں۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پورے ملک کے لیے ایک انتہائی غمناک گھڑی ہے۔ کماری سیلجا نے کہا کہ اس سانحے نے نہ صرف متاثرہ خاندان بلکہ پورے ملک اور سکیورٹی فورسز کو گہرا صدمہ پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’یہ خاندان نہایت بہادر اور بااخلاق ہے۔ دنیا کو اس خاندان سے حوصلہ اور سیکھنے کی ضرورت ہے۔‘‘

کماری سیلجا نے ونے نروال کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی خوشیوں کی یادیں چھوڑ کر رخصت ہوا ہے۔ ان کے مطابق یہ ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، جس میں ہمارا ایک مخلص اور فرض شناس افسر ہم سے جدا ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وحشیانہ عمل کو انجام دینے والے انسان کہلانے کے لائق نہیں، بلکہ درندگی کی حدیں پار کر چکے ہیں۔


سکیورٹی میں ممکنہ چوک کے سوال پر کماری سیلجا نے سیاسی تبصرے سے گریز کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دکھ کی گھڑی ہے، اس وقت ایسے سوالات اٹھانا مناسب نہیں، البتہ انہوں نے تسلیم کیا کہ واقعے کے حوالے سے کئی سوالات موجود ہیں، جن پر وقت آنے پر غور کیا جائے گا۔

انہوں نے میڈیا میں سامنے آنے والی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جائے وقوعہ پر کوئی سکیورٹی اہلکار موجود نہیں تھا، جو ایک افسوسناک حقیقت ہے۔ کماری سیلجا نے زور دے کر کہا کہ اس معاملے کی مکمل اور شفاف تحقیقات ہونی چاہیے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اتنی بڑی کوتاہی کیسے ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ٹھنڈے دماغ سے یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ ایسے سانحات کیوں پیش آتے ہیں اور انہیں آئندہ کیسے روکا جا سکتا ہے۔ ہندوستان کی گنگا-جمنی تہذیب کا حوالہ دیتے ہوئے کماری سیلجا نے کہا کہ ہمارا ملک وہ سرزمین ہے جہاں مختلف مذاہب اور قومیتوں کے لوگ باہم محبت اور بھائی چارے کے ساتھ رہتے ہیں۔

کماری سیلجا نے زور دیا کہ ملک کو اندرونی اور بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ٹھوس حکمت عملی تیار کی جائے۔ انہوں نے اس دلخراش واقعے سے سبق سیکھنے اور مستقبل میں سکیورٹی نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران انہوں نے ونے نروال کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک ان کے صبر و حوصلے کو سلام پیش کرتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔