اتر پردیش: مدرسوں میں اساتذہ کے لئے اُردو جاننا اب لازمی نہیں

اگر آپ کو اردو نہیں آتی تب بھی آپ کو اتر پردیش کے مدرسے میں اساتذہ کی نوکری مل سکتی ہے کیونکہ اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

بشواجیت بنرجی

وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں اتر پردیش کی ریاستی حکومت نے ایک تجویز پیش کی ہے جس کے تحت مدارس میں نوکری کے لئے اردو جاننا کوئی لازمی شرط نہیں ہونی چاہیے۔ حکومت کی تجویز ہے کے مدارس میں اساتذہ کی بھرتی کے لئے اردو کی لازمیت کو ختم کر دینا چاہیے۔ واضح رہے ابھی تک مدارس میں اساتذہ کی بھرتی کے لئے اردو جاننا ایک لازمی شرط رہی ہے۔

ایک سینئر افسر نے رپورٹر کو بتایا کہ اب مدارس کے اساتذہ کو اردو جاننا ضروری نہیں ہے۔ ریاستی حکومت نے ایک تجویز پیش کی ہے جس کے تحت اب مدارس میں اردو کے اساتذہ کی بھرتی کے لئے اردو میں مہارت ہونا لازمی نہیں رہے گی۔


اس تجویز کی چو طرفہ مخالفت شروع ہو گئی ہے۔ مسلم مذہبی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ یوگی حکومت کی مدارس کو بھگوا رنگ میں رنگنے کی کوشش ہے۔ مولانا بشیر تقی کا کہنا ہے کہ ’’کیا آپ مدرسے کے ایسے اساتذہ کا تصور کر سکتے ہیں جو اردو پڑھ اور لکھ نہیں سکتا ہو؟ پرائمری سے لے کر فاضل (ایم اے) تک کے جو مدارس کے طلباء ہیں ان کی پڑھائی کی زبان اردو ہے۔ کوئی اردو کو کیسے ختم کر سکتا ہے‘‘۔

سرکاری افسر کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ بہت وقت سے ریاستی حکومت کے زیر غور تھا ’’اس منصوبہ کا بلو پرنٹ تیار ہے۔ اقلیتی بہبود کے محکمہ کو کابینہ کا نوٹ تیار کرنے کے لئے کہا گیا ہے اور اس پر عمل کرانے کے لئے حکومت کے پاس بھیجا جائے گا‘‘۔ اتر پردیش حکومت کے وزیر مملکت برائے اقلیتی بہبود محسن رضا نے کہا ’’ہمیں یہ فیصلہ لینے پر مجبور کیا گیا اور یہ فیصلہ طلباء کے حق میں ہے‘‘۔


اتر پردیش کی حکومت پورے اتر پردیش میں 560 مدارس کو سرکاری گرانٹ دیتی ہے۔ سال 2019-20 کے اعداد و شمار کے مطابق مدرسوں کو ملنے والی سالانہ سرکاری گرانٹ کی رقم 844 کروڑ روپے ہے۔ گرانٹ حاصل کرنے والے مدارس اتر پردیش مدرسہ بورڈ سے منظور شدہ اور رجسٹرڈ ہیں۔

کل 560 مدارس میں سے 350 مدارس وہ ہیں جو پرائمری سے فاضل تک کی پڑھائی کراتے ہیں۔ مدارس کو تین سے چار لاکھ روپے ماہانہ کی گرانٹ ملتی ہے جس میں 15 سے 17 اساتذہ کی تنخواہیں شامل ہیں۔ اتر پردیش میں مدرسہ بورڈ سے گرانٹ حاصل کرنے والے اور حاصل نہ کرنے والے مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کی تعداد 26 لاکھ ہے۔


مذہبی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اتر پردیش کے مدارس کا قد چھوٹا کرنے کی یوگی حکومت کی یہ دوسری کوشش ہے۔ اس سے قبل سال 2018 میں بی جے پی حکومت نے ایک پورٹل لانچ کیا تھا جس میں تمام 19000 سرکاری گرانٹ حاصل نہ کرنے والے مدارس اور 4200 وہ مدارس جو سرکاری گرانٹ حاصل کرتے ہیں ان کو اس پورٹل میں رجسٹریشن کرانا لازمی کیا تھا۔ مولانا کا کہنا ہے کہ ’’ہم نے اس حکم پر صد فیصد عمل کیا لیکن بعد میں حکومت نے بتایا کہ کل 19000 گرانٹ حاصل نہ کرنے والے مدارس اور 4200 گرانٹ حاصل کرنے والے مدارس موجود ہی نہیں ہیں جو سرا سر جھوٹ ہے‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Jun 2019, 4:10 PM
/* */