کے ایل راہل اور اتھیا شیٹی رشتہ ازدواج میں منسلک، سنیل شیٹی نے ولیمہ کے بارے میں دی اہم جانکاری

سنیل شیٹی نے کہا کہ ’’چھوٹی سی تقریب تھی جس میں صرف قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کی ہی شرکت ہوئی، لیکن میں بہت خوش ہوں، شادی آفیشیل ہو چکی ہے، پھیرے ہو چکے ہیں، اب میں آفیشیل سسر بن گیا ہوں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>کے ایل راہل اور اتھیا شیٹی  </p></div>

کے ایل راہل اور اتھیا شیٹی

user

قومی آوازبیورو

ہندوستان کے مشہور کرکٹر کے ایل راہل اور معروف بالی ووڈ اداکار سنیل شیٹی کی بیٹی اتھیا شیٹی آج ایک چھوٹی لیکن پروقار تقریب کے دوران رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔ پیر کے روز دولہا اور دلہن نے سنیل شیٹی کے کھنڈالا واقع بنگلہ ’جہان‘ میں سات پھیرے لیے اور اپنی زندگی کے ایک نئے دور کی طرف قدم بڑھا دیا۔ راہل اور اتھیا کی شادی کے بارے میں باتیں 2023 کا آغاز ہوتے ہی شروع ہو گئی تھیں اور جب بی سی سی آئی نے بتایا کہ راہل ذاتی وجوہات کے سبب نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں چھٹی پر رہیں گے، تو سبھی کو اندازہ ہو گیا تھا کہ جلد ہی دونوں ایک دوجے کے ہو جائیں گے۔

بہرحال، آج شادی کی تقریب کے بعد سنیل شیٹی نے میڈیا سے روبرو ہوتے ہوئے ولیمہ کے بارے میں اہم جانکاری دی۔ فوٹوگرافر ورِندر چاؤلہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں سنیل شیٹی شادی کے بارے میں آفیشیل اناؤنسمنٹ کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ اسی کے ساتھ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ آخری گرانڈ رسپشن یعنی ولیمہ کب ہوگا۔


دراصل میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے سنیل شیٹی بہت خوش نظر آ رہے تھے اور ٹریڈیشنل انداز میں بہت اسمارٹ بھی لگ رہے تھے۔ اپنی بیٹی اتھیا شیٹی کی شادی کی خوشی ان کے چہرے سے بھی صاف جھلک رہی تھی۔ جب ان سے میڈیا اہلکاروں نے سوال کیا کہ شادی تو ہو گئی، اب ولیمہ کب ہوگا؟ تو سنیل شیٹی نے کہا کہ ابھی اس میں وقت ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی جوڑا کہ آئی پی ایل کے بعد ہی ولیمہ ہوگا۔ یعنی کے ایل راہل اور اتھیا شیٹی کے دوست و احباب کو ولیمہ کی دعوت کے لیے آئی پی ایل کے ختم ہونے کا انتظار کرنا پڑے گا۔

اس دوران میڈیا اہلکاروں نے سنیل شیٹی سے یہ سوال بھی کیا کہ بیٹی کی شادی کے بعد ان کے کردار میں کتنی تبدیلی دیکھنے کو ملے گی؟ اس پر سنیل نے کہا کہ جیسے اہان میرا بیٹا ہے، ویسے ہی راہل بھی ہے۔ اس میں ’اِن لا‘ (سسر) والا سین نہ ہی رہے تو ٹھیک ہے، کیونکہ میں والد کا کردار اچھی طرح سے نبھاتا ہوں۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ اس شادی کی تقریب میں کسی کو بھی تصویر کھینچنے یا ویڈیو بنانے کی اجازت نہیں تھی، اس لیے جو لوگ تقریب میں شامل نہیں ہوئے انھیں کچھ بھی نہیں پتہ کہ ’جہان‘ میں کیا چل رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سنیل شیٹی سے میڈیا اہلکاروں نے یہ سوال بھی کیا کہ شادی کی تقریب کیسی رہی؟ اس کے جواب میں سنیل شیٹی نے کہا کہ ’’چھوٹی سی تقریب تھی جس میں صرف قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کی ہی شرکت ہوئی تھی۔ لیکن مزہ آیا، میں بہت خوش ہوں۔ شادی آفیشیل ہو چکی ہے، پھیرے ہو چکے ہیں، اب میں آفیشیل سسر بن گیا ہوں۔‘‘ اس کے بعد وہاں موجود سبھی لوگوں نے سنیل شیٹی کو مبارکباد پیش کی۔ سنیل شیٹی نے بھی اس خوشی کے موقع پر سبھی کیمرہ مین، فوٹوگرافرس اور میڈیا کے موجود لوگوں کو مٹھائی کے ڈبے تقسیم کیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔