’کھیل رتن ایوارڈ‘ میجر دھیان چند کے نام سے منسوب، وزیر اعظم کا اعلان

ہاکی کے جادوگر کہے جانے والاے میجر دھیان چند نے ہاکی کے لئے بیش قیمتی تعاون پیش کیا، انہوں نے اپنے آخری اولمپکس میں 13 گول داغے تھے، جبکہ تین اولمپکس میں ان کی جانب سے کل 39 گول کئے گئے تھے

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: مرکز کی مودی حکومت نے راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ کا نام تبدیل کر دیا ہے۔ حکومت نے اس کا نام ’ہاکی کا جادوگر‘ کے لقب سے نوازے جانے والے میجر دھیان چند کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے جمعہ کے روز ٹویٹ کرکے یہ اطلاع فراہم کی۔

پی ایم مودی نے ٹویٹ میں لکھا، ’’ملک کا سر فخر سے بلند کرنے والے لمحات کے درمیان متعدد ہم وطنوں کی یہ درخواست بھی سامنے آئی ہے کہ کھیل رتن ایوارڈ کا نام میجر دھیان چند جی کے نام سے منسوب کیا جائے۔ لوگوں کے جذبات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے، اب اسے کا ’میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ‘ کیا جا رہا ہے۔‘‘


وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ٹوکیو اولمپکس میں ہندوستانی مردوں اور خواتین کی ہاکی ٹیموں کی کارکردگی نے پوری قوم کو مسرور کر دیا ہے اور ہاکی میں لوگوں کی دلچسپی دوبارہ بڑھی ہے، جو آنے والے وقتوں کے لیے ایک مثبت علامت ہے۔ خیال رہے کہ کھیل رتن ایوارڈ کے تحت 25 لاکھ روپے کا نقد انعام دیا جاتا ہے۔

ہاکی کا 'جادوگر' پکارے جانے والے میجر دھیان چند نے ہاکی کے لئے ناقابل یقین تعاون کیا ہے۔ انہوں نے نے اپنے آخری اولمپکس (برلن 1936) میں مجموعی طور پر 13 گول کیے تھے۔ جبکہ ایمسٹرڈیم، لاس اینجلس اور برلن کے تینوں اولمپکس کو ملا دیا جائے تو انہوں نے مجموعی طور پر 39 گول کیے تھے۔ ان تینوں اولمپکس میں ہندوستان نے ہاکی میں طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔


ان کی سالگرہ (29 اگست) کو ہندوستان کے قومی کھیلوں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس دن ہر سال شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو کھیل کے اعلیٰ ترین اعزاز ’کھیل رتن‘ کے علاوہ ارجن اور دروناچاریہ ایوارڈ بھی فراہم کئے جاتے ہیں۔ اس ایوارڈ کو فراہم کرنے کا سلسلہ 1991-92 میں شروع کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔