’بہار میں تبدیلی کا وقت آ گیا ہے‘، ملکارجن کھڑگے کی عوام سے اپیل، نوجوانوں کو ووٹ ڈالنے کی خاص تلقین
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بہار کے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں ووٹ ڈال کر ریاست میں 20 سال بعد تبدیلی لائیں۔ انہوں نے نوجوانوں اور پسماندہ طبقات کے لیے انصاف و ترقی کا وعدہ کیا

نئی دہلی: بہار میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ شروع ہوتے ہی کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے عوام سے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے اپنی ایکس پوسٹ میں ریاست کے لوگوں سے کہا کہ یہ وقت ہے جب بہار 20 سال کے بعد ایک نئی سمت اختیار کر سکتا ہے۔ کھڑگے نے زور دیا کہ ووٹ کے ذریعے عوام نہ صرف اپنی آواز بلند کریں بلکہ ریاست میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد رکھیں۔
کھڑگے نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ’’جمہوریت کی جنم بھومی بہار میں ووٹنگ کا پہلا مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔ میری بہار کے ہر ووٹر سے اپیل ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنے آئینی حق کا استعمال کریں اور 20 سال بعد تبدیلی کی نئی راہ بنائیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ بہار کو ایسا مقام دیا جائے جہاں نوجوانوں کا مستقبل محفوظ ہو، انہیں بے روزگاری اور نقل مکانی کے دکھ سے نجات ملے۔ کھڑگے نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں میں عوام کو ترقی کے نام پر دھوکہ دیا گیا ہے اور اب بیدار عوام کے پاس موقع ہے کہ وہ اپنے ووٹ سے ایسے حکمرانوں کو سبق سکھائیں جنہوں نے بدعنوانی، بدانتظامی اور ’جنگل راج‘ کو ترقی کا نام دیا۔
کانگریس صدر نے اپنی پوسٹ میں سماجی انصاف کے نظریے کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں ہر طبقے — دلت، مہادلت، آدیواسی، پسماندہ، انتہائی پسماندہ، اقتصادی طور پر کمزور اور اقلیتوں — کو برابری کا حق ملنا چاہئے۔ کھڑگے کے مطابق اب وقت ہے کہ سماجی انصاف کی ایک نئی تعریف لکھی جائے، جس سے بہار ملک کی مجموعی ترقی میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا، ’’ہمیں ایسا بہار بنانا ہے جہاں ہر شہری کو برابری، عزت اور مواقع میسر ہوں۔ ریاست کے نوجوانوں کو روزگار ملے اور انہیں اپنا مستقبل محفوظ نظر آئے۔‘‘
کھڑگے نے خاص طور پر پہلی بار ووٹ ڈالنے والے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس تاریخی موقع کو ہاتھ سے نہ جانے دیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی رائے دہی کے حق کا استعمال کر کے تبدیلی کا حصہ بنیں۔ کھڑگے نے کہا کہ نوجوانوں کی شمولیت ہی ریاست میں مثبت اور پائیدار تبدیلی لا سکتی ہے۔
انہوں نے عوام سے کہا کہ ووٹ ڈالنے کے بعد اپنے دوستوں اور اہل خانہ کو بھی ترغیب دیں کہ وہ جمہوریت کے اس تہوار میں شرکت کریں۔ اپنے پیغام کے اختتام پر کھڑگے نے نعرہ دیا، ’’جے ہند، جے بہار۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔