کانگریس صدر کھڑگے کا دورہ تلنگانہ، حیدرآباد میں کئی اہم اجلاسوں سے کریں گے خطاب
ملکارجن کھڑگے آج حیدرآباد میں پارٹی کے سیاسی امور، ایگزیکٹو کمیٹی اور کارکنان کے بڑے اجتماع سے خطاب کریں گے۔ کانگریس نے اسے سماجی انصاف کے پیغام کا دن قرار دیا ہے

تصویر بشکریہ ایکس
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے آج 4 جولائی 2025 کو تلنگانہ کی راجدھانی حیدرآباد میں کانگریس پارٹی کے کئی اہم اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ پارٹی نے اس دن کو تنظیمی سرگرمیوں کے لحاظ سے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا ہے، جہاں سیاسی حکمت عملی، سماجی انصاف اور کارکنان کی شمولیت پر توجہ دی جائے گی۔
پارٹی کی طرف سے جاری شیڈول کے مطابق، ملکارجن کھڑگے کی مصروفیات کچھ یوں ہوں گی:
- صبح 11:15 بجے: سیاسی امور کی کمیٹی کا اجلاس گاندھی بھون میں
- دوپہر 12:30 بجے: توسیعی ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ
- شام 4:00 بجے: کارکنان کا بڑا اجتماع ایل بی اسٹیڈیم میں
خیال رہے کہ کھڑگے جمعرات کی شام حیدرآباد پہنچے تھے، جہاں وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی، اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن، ریاستی صدر بی مہیش کمار گوڑ اور دیگر سینئر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔
ریاستی صدر بی مہیش کمار گوڑ نے بتایا کہ ملکارجن کھڑگے دیہی سطح سے لے کر ریاستی سطح تک کے ہزاروں پارٹی رہنماؤں سے خطاب کریں گے۔ خاص طور پر 'سماجی انصاف سمیبھاری' نامی اجلاس میں گاؤں، بلاک اور ضلع سطح کے صدر، ایم ایل اے، ایم پی، ایم ایل سی اور وزرا شریک ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس نے پچھلے چھ ماہ سے تلنگانہ میں ’جے باپو، جے بھیم، جے سمودھان‘ نامی مہم کامیابی سے چلائی ہے، جس کا مقصد مہاتما گاندھی اور ڈاکٹر امبیڈکر کی تعلیمات کی روشنی میں آئینی اقدار کا دفاع اور بی جے پی کی پالیسیوں کا جواب دینا ہے۔
ریاستی کانگریس حکومت کی جانب سے گزشتہ سال کروایا گیا ذات پر مبنی سروے بھی آج کی تقریبات کا مرکزی موضوع ہو سکتا ہے۔ امکان ہے کہ کھڑگے اپنے خطاب میں سماجی انصاف اور مساوات کے فروغ کے لیے مرکز سے ریاست تک پالیسیوں میں ہم آہنگی کی بات کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔