جموں و کشمیر میں المناک گاڑی حادثہ سے 10 فوجیوں کی ہلاکت پر کھڑگے-راہل کا اظہار رنج و غم

کانگریس صدر کھڑگے نے کہا کہ ’’ایسے دل خراش نقصانات سے بچنے کے لیے سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، دشوار علاقوں میں نقل و حرکت بہتر کرنے کی فوری ضرورت ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی، فائل تصویر</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

جموں و کشمیر کے ڈوڈہ میں فوجی جوانوں کی گاڑی کھائی میں گرنے اور کم از کم 10 جوانوں کی ہلاکت پر کانگریس نے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اس المناک حادثہ سے متعلق کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر لکھا ہے کہ ’’جموں و کشمیر کے دوڈہ میں فوجیوں کی گاڑی کھائی میں گرنے سے متعلق بے حد افسوسناک خبر سامنے آئی ہے۔ اس حادثہ میں 10 جوان شہید ہو گئے اور کئی جوان زخمی ہیں۔‘‘ متاثرین کے تئیں اپنی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس نے آگے لکھا ہے کہ ’’کانگریس کنبہ کی ہمدردیاں شہید جوانوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ ایشور سے دعا ہے کہ وہ غمزدہ کنبوں کو یہ شدید تکلیف برداشت کرنے کی طاقت فراہم کریں۔ ساتھ ہی زخمی جوانوں کے جلد صحت یاب کریں۔‘‘

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے بھی اس دردناک حادثہ پر اپنے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ کھڑگے نے ’ایکس‘ پر جاری اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’جموں و کشمیر کے ڈوڈہ میں پیش آنے والے المناک گاڑی حادثہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہوں، جس میں کئی فوجی جوانوں نے عظیم قربانی دی اور متعدد دیگر زخمی ہوئے۔‘‘ وہ آگے لکھتے ہیں کہ ’’میں سوگوار خاندانوں اور لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ پورا ملک اس شدید غم کے وقت میں متحد ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے ہم دعا گو ہیں۔‘‘ اس پوسٹ میں کھڑگے نے ایسے حادثات سے دفاع کی کوششوں پر بھی زور دیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ماضی میں بھی اس نوعیت کے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں۔ ایسے دل خراش نقصانات سے بچنے کے لیے سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، دشوار گزار علاقوں میں نقل و حرکت کو بہتر کرنے اور سڑکوں کی حفاظت کے اقدامات کو مؤثر بنانے کی فوری ضرورت ہے۔‘‘


سابق کانگریس صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بھی اس واقعہ پر اپنی تعزیت کا اظہار سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ہی کیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’جموں و کشمیر کے ڈوڈہ میں فوجی جوانوں کی گاڑی کھائی میں گرنے سے ہمارے کئی جوانوں کی موت اور کئی دیگر کے زخمی ہونے کی خبر انتہائی تکلیف دہ ہے۔ شہیدوں کو پرخلوص خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور زخمی جوانوں کے جلد از جلد صحت یاب ہونے کی امید کرتا ہوں۔‘‘ پوسٹ کے آخر میں انھوں نے اس تکلیف کے وقت میں سبھی بہادر جوانوں کے غمزدہ کنبوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم بھی ظاہر کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔