ڈاکٹر منموہن سنگھ کے یومِ پیدائش پر کھڑگے، راہل اور پرینکا نے پیش کیا خراج عقیدت
کھڑگے نے سوشل میڈیا پوسٹ میں انہیں یاد کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ہم ملک کی تعمیر میں سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے تعاون کو یاد کرتے ہیں۔ وہ ہندوستان کی اقتصادی تبدیلی کے ایک نرم مزاج معمار تھے۔
آنجہانی ڈاکٹر منموہن سنگھ کے یومِ پیدائش پر آج کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اور وائناڈ سے کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے پرخلوص خراج عقیدت پیش کیا۔ کانگریس صدر نے خاص طور سے منموہن سنگھ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شروع کردہ اقتصادی اصلاحات کے سبب آج ملک تیزی سے اقتصادی ترقی کا تجربہ کر رہا ہے۔
ملکارجن کھڑگے نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں انہیں یاد کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ہم ملک کی تعمیر میں سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے تعاون کو یاد کرتے ہیں۔ وہ ہندوستان کی اقتصادی تبدیلی کے ایک نرم مزاج معمار تھے۔ اقتصادی اصلاحات کے لیے ان کے نقطہ نظر نے مواقع کے نئے دروازے کھولے، ایک خوشحال متوسط طبقہ تیار کیا اور بے شمار خاندانوں کو غریبی سے باہر نکالا۔‘‘ انہوں نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کو انتہائی سادہ طبیعت والی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ عاجزی اور دانشمندی کے بہترین مثال تھے۔ انہوں نے پرسکون اور پروقار برتاؤ کیا اور اپنے کاموں سے اپنے الفاظ کو زیادہ اثر انگیز بنایا۔ وہ منصفانہ اور جامعیت پر گہرا یقین رکھتے تھے اور اس بات کو یقینی بناتے تھے کہ ترقی اور ہمدردی فلاحی اقدامات کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ چلیں، جس نے لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو متاثر کیا۔ ان کی قیادت نے ہمیں دکھایا کہ عوامی زندگی میں دیانتداری نہ صرف ممکن ہے بلکہ طاقتور بھی ہے۔
کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت کو نئی سمت دینے میں ان کے تعاون کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ راہل گاندھی نے بھی یہ اظہارِ تعزیت سوشل میڈیا پر ہی کیا ہے۔ انھوں نے اپنی پوسٹ میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کو یاد کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ہندوستان کے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو ان کی یوم پیدائش پر میرا دلی خراج عقیدت۔ ملک کی تعمیر کے لیے ان کی غیر متزلزل وابستگی، غریبوں اور پسماندہ لوگوں کے لیے ان کے جرات مندانہ فیصلے اور مضبوط معیشت کی تعمیر میں ان کی تاریخی شراکت ہماری رہنمائی کرتی رہے گی۔‘‘ انہوں نے سابق وزیر اعظم کی عاجزی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سادگی، شائستگی اور ایمانداری ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے۔
پرینکا گاندھی نے ڈاکٹر منموہن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’ہندوستان کے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ جی کے یومِ پیدائش پر انھیں سلام پیش کرتی ہوں۔ اپنی دور اندیشی کے ذریعہ ڈاکٹر منموہن سنگھ ملک کو غیر معمولی ترقی کے راستے پر لائے اور ایک مجموعی اقتصادی مضبوطی کے ذریعہ غریب، دلت، محروم طبقات سمیت سبھی طبقات کو خوشحال بنایا۔‘‘ وہ مزید لکھتی ہیں کہ ’’ان کی انکساری، سادگی، محنت، ایمانداری اور ملک کے تئیں اٹوٹ محبت ہم سب کی ترغیب کا ذریعہ ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔