کھڑگے نے 'اڑان' اسکیم کے تعلق سے سی اے جی کی رپورٹ پر حکومت کو نشانہ بنایا

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ہفتہ کے روز اڑان اسکیم سے متعلق کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کی رپورٹ پر مرکز کی بی جے پی حکومت کو نشانہ بنایا

ملکارجن کھڑگے / آئی اے این ایس
ملکارجن کھڑگے / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ہفتہ کے روز اڑان اسکیم سے متعلق کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کی رپورٹ پر مرکز کی بی جے پی حکومت کو نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کا چپل پہن کر فضائی سفر کرنے کا وعدہ بھی دوسرے وعدوں کی طرح ہوا میں اڑ گیا ہے، کیونکہ یہ اسکیم 93 فیصد روٹس پر کام نہیں کرتی۔

اس مہینے کے اوائل میں پارلیمنٹ میں پیش کی گئی سی اے جی کی رپورٹ پر کھڑگے نے کہا ’’مودی حکومت کا چپل پہن کر ہوائی سفر کرنے کا وعدہ ان کے دوسرے وعدوں کی طرح ہوا میں اڑ گیا ہے۔ یہ ہم نہیں، سی اے جی کی رپورٹ کہہ رہی ہے۔ کانگریس صدر نے کہا ’’یہ اسکیم 93 فیصد راستوں پر کام نہیں کرتی۔ ایئر لائنز کا کوئی آزاد آڈٹ بھی نہیں ہوا۔ بہت زیادہ مشہور ہیلی کاپٹر خدمات بھی ٹھپ ہیں۔ صرف جھوٹ اور بیان بازی چل رہی ہے۔ ہندوستان اب ایسی نااہل حکومت کو کبھی برداشت نہیں کر گا۔


ان کے تبصرے سی اے جی کی ایک رپورٹ کے کچھ دن بعد آئے ہیں جس میں کہا گیا تھا کہ اڑان-3 تک الاٹ کیے گئے راستوں میں سے 52 فیصد (774 میں سے 403 روٹس) آپریشنل نہیں ہو سکے۔ شروع کئے گئے راستوں میں سے صرف 112 روٹس (30 فیصد) نے آپریشن مکمل کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان 112 راستوں میں سے صرف 54 روٹس (راستوں کا 7 فیصد) جو کہ 17 RCS ہوائی اڈوں کو جوڑتے ہیں، مارچ 2023 تک تین سال کی رعایتی مدت کے بعد آپریشن جاری رکھ سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔