اسرائیل-جارڈن بارڈر پر کیرالہ کے نوجوان کی موت کا معاملہ، سفارت خانہ نے اہل خانہ کو معلومات فراہم کی
واقعہ 10 فروری کا ہے۔ جب جارڈن کے فوجیوں نے سرحد پر گولی باری کی۔ جس میں کے گیبریل کی گولی لگنے سے موت ہو گئی تھی۔ جبکہ اس کا دوست زخمی حالت میں گھر واپس آ گیا تھا۔

کیرالہ کے رہنے والے ایک شخص کی اسرائیل-جارڈن سرحد پر مبینہ طور پر گولی مار کر ہلاک کر دینے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ مہلوک کی شناخت کیرالہ کے تھمبا رہائشی 47 سالہ اینی تھامس گیبریل کے طور پر ہوئی ہے۔ مہلوک کے رشتہ دار نے اس کی موت کی اطلاع دی۔
گیبریل کے خاندان والوں نے اتوار کو بتایا کہ انہیں یکم مارچ کو ہندوستانی سفارت خانہ کی طرف سے ایک ای-میل ملا تھا جس میں گیبریل کی موت کی تصدیق ہوئی۔ گیبریل کے رشتہ دار نے بتایا کہ، "ہمیں جارڈن میں ہندوستانی سفارت خانہ سے اس کی موت کے بارے میں ایک ای میل ملا لیکن اس کے بعد کوئی اور جانکاری نہیں ملی ہے۔"
واقعہ 10 فروری کا ہے۔ جب جارڈن کے فوجیوں نے سرحد پر گولی باری کی۔ کنبہ کے ذرائع کے مطابق گیبریل کے ساتھ اس کا ایک رشتہ دار ایڈیسن بھی تھا جس کے پیر میں گولی لگی تھی لیکن وہ بچ گیا اور زخمی حالت میں گھر لوٹ آیا۔
مہلوک اینی تھامس گیبریل کے رشتہ دار نے ایک ٹی وی چینل کو بتایا کہ 5 فروری کو جب وہ گھر سے نکلا تھا تو تمل ناڈو میں عیسائی مذہبی مقام ویلنکنّی جانے کی بات کہی تھی۔
ٹی وی کی خبر کے مطابق گیبریل اور ایڈیسن چار رکنی گروپ کا حصہ تھے جو ایک ایجنٹ کی مدد سے جارڈن سے اسرائیل کی سرحد عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ چاروں تین ماہ کے سیاحتی ویزا پر جارڈن پہنچے تھے۔ جب وہ لوگ سرحد پار کرنے کی کوشش کر رہے تھے تو جارڈن کی فوج نے انہیں روک لیا۔ لیکن وہ لوگ بھاگنے لگے تو فوجیوں نے ان پر گولیاں چلا دیں۔ گیبریل کو مبینہ طور پر سر میں گولی لگی تھی جبکہ ایڈیسن کے پیر میں چوٹ آئی تھی۔
ایڈیسن کوعلاج کے بعد ہندوستان بھیج دیا گیا تھا۔ جب ایڈیسن واپس آیا تو پھر خاندان کے لوگوں کو پتہ چلا کہ گیبریل جارڈن گیا تھا۔ رشتہ داروں نے بتایا کہ سفارت خانہ کے توسط سے انہیں سرکاری طور پر گیبریل کی موت کی اطلاع دی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔