کیرالہ: ایک ہی دن میں دو بڑے حادثے، پہلے لینڈ سلائڈنگ پھر طیارہ حادثہ

کیرالہ میں ایک ہی دن میں ہونے والے دو بڑے حادثوں نے پوری ریاست کو ہلا کر رکھ دیا ہے، پہلے لینڈ سلائڈنگ سے 15 افراد ہلاک ہو گئے اور شام کوزیکوڈ ہوائی اڈے پر طیارہ حادثے میں 18 افراد کی جان چلی گئی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کیرالہ کے لئے کل یعنی 7 اگست کا دن کافی برا گزرا اور لگاتار ہونے والے دو حادثوں میں متعدد افراد کی جان چلی گئی۔ جمعہ کے روز اڈوکی میں ہونے والی بارش کے درمیان تودے گرنے سے 15 افراد لقمہ اجل ہو گئے، اس کے بعد دبئی سے ہندوستان آنے والا طیارہ کوزیکوڈ ہوائی اڈے پر رن وے سے پھسل گیا، اس حادثہ میں 18 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ 100 سے زیادہ افراد زخمی ہیں۔

کیرالہ میں ان دنوں شدید بارش ہو رہی ہے۔ اڈوکی ضلع میں راجمالا کےک پیتی مودی میں موسلادھار بارش کے درمیان جمعہ کی صبح مٹی کے تودے گرنے سے 15 افراد ہلاک ہو گئے۔ منار کے نزدیک ہونے والی لینڈ سلائڈنگ میں چائے باغان کے کئی مزدور پھنس گئے ہیں۔


وہیں دوسرے حادثے کی بات کریں تو جمعہ کی شام دبئی سے کیرالہ آ رہا ایئر انڈیا ایکسپریس کا طیارہ کوزیکوڈ ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل گیا۔ اس حادثے میں پائلٹ سمیت 18 افراد کی موت ہو گئی جبکہ 100 سے زیادہ مسافر خمی ہوئے ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے کیرالہ کے دونوں حادثوں پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ دفتر وزیر اعظم کی طرف سے لینڈ سلائڈنگ کے متاثرین کے حق میں مالی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ پی ایم او کی جانب سے کہا گیا ہے کہ لینڈ سلائڈنگ میں جان گنوانے والوں کو پردھان منتری راحت کوش سے 2-2 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ زخمیوں کے حق میں 50 ہزار کی مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔


واضح رہے کہ کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنرائی وجین کی ہدایت پر کوزیکوڈ اور ملپورم ضلع کلکٹروں اور آئی جی اشوک یادو سمیت افسران کی ایک ٹیم ہوائی اڈے پر پہنچ گئی ہے اور راحتی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ وہیں وجین نے ہندوستانی فضائیہ سے رابطہ قائم کر کے اڈوکی میں راحت کی مہم میں مدد کے لئے ہیلی کاپٹر دئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Aug 2020, 11:58 AM