کیرالہ کو ’انتہائی غربت سے پاک‘ ریاست قرار دیا جائے گا، یکم نومبر کو وزیر اعلیٰ کریں گے اعلان
کیرالہ ملک کی پہلی ریاست بننے جا رہی ہے جسے ’انتہائی غربت سے پاک‘ قرار دیا جائے گا۔ اعلان یکم نومبر کو وزیر اعلیٰ پینارائی وجین کریں گے۔ فلمی شخصیات بھی تقریب میں شریک ہوں گی

ترواننت پورم: کیرالہ ایک بار پھر سماجی ترقی کی تاریخ رقم کرنے جا رہا ہے۔ ریاست کو جلد ہی ’انتہائی غربت سے پاک‘ ریاست قرار دیا جائے گا۔ یہ اعلان وزیر اعلیٰ پنرائی وجین یکم نومبر کو شام پانچ بجے ترواننت پورم کے سینٹرل اسٹیڈیم میں کریں گے۔ اس تقریب میں ریاستی کابینہ کے تمام وزرا کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کے رہنما بھی مدعو کیے گئے ہیں۔
مقامی خود انتظامی وزیر ایم بی راجیش اور تعلیم کے وزیر وی شیون کٹی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کیرالہ اس منزل کو حاصل کرنے والی نہ صرف ہندوستان کی پہلی ریاست ہے بلکہ دنیا کا دوسرا خطہ بھی بن جائے گا جس نے انتہائی غربت کے مکمل خاتمے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اعلان کی تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس موقع پر معروف فلمی اداکار کمل ہاسن، مموٹی اور موہن لال مہمان خصوصی ہوں گے۔ وزیر تعلیم وی شیون کٹی اس تقریب کی صدارت کریں گے۔ ریاست کے تمام مقامی خود حکومتی اداروں میں بھی اسی روز خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی تاکہ اس سنگ میل کو عوامی سطح پر منایا جا سکے۔
پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ نیتی آیوگ کے اعداد و شمار کے مطابق کیرالہ ملک میں سب سے کم غربت کی شرح والا صوبہ ہے۔ 2021 میں کیے گئے جائزے میں ریاست میں غربت کی شرح صرف 0.7 فیصد پائی گئی تھی۔ حکومت نے ایک جامع اور سائنسی سروے کے ذریعے ریاست میں 64 ہزار 6 خاندانوں کی نشاندہی کی جو انتہائی غربت کی زمرے میں آتے تھے۔
ان خاندانوں کی شناخت بنیادی ضروریات — خوراک، صحت، روزگار اور رہائش — کی بنیاد پر کی گئی۔ ہر خاندان کے لیے ایک مخصوص مائیکرو پلان تیار کیا گیا جس کے ذریعے انہیں درکار سہولتیں فراہم کی گئیں۔ اس عمل میں ایسے کئی افراد بھی شامل کیے گئے جو ووٹر لسٹ میں درج نہیں تھے اور جن کے پاس راشن کارڈ یا آدھار کارڈ تک نہیں تھا۔
حکام کے مطابق، 64 ہزار 6 خاندانوں میں سے 4421 خاندانوں کے افراد اب انتقال کر چکے ہیں، جن میں زیادہ تر اکیلے رہنے والے بزرگ شامل تھے۔ اسی طرح 47 ایسے معاملے سامنے آئے جہاں ایک ہی خاندان کے مختلف اراکین مختلف مقامی اداروں میں درج تھے، لہٰذا انہیں ایک ہی خاندان مان کر نیا مائیکرو پلان بنایا گیا۔
نتیجتاً اب ریاست میں 59 ہزار 277 خاندان ایسے رہ گئے ہیں جنہیں انتہائی غریب کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ ان تمام خاندانوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کر کے ریاست نے عملی طور پر انتہائی غربت کا خاتمہ کر دیا ہے، جس کے بعد کیرالہ اس سنگ میل کو حاصل کرنے والی دنیا کی چند مثالوں میں شامل ہو جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔