کیرالہ: عصمت دری کے ملزم کا نابالغ لڑکی سے کرایا گیا نکاح، مولوی اور دولہا سمیت 3 افراد گرفتار

پولیس نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ نابالغ لڑکی کے ساتھ یہ شادی 18 جنوری کو ہوئی تھی، خبر ملنے کے بعد اس سلسلے میں پوچھ تاچھ کی گئی اور سچائی پتہ چلتے ہی کارروائی کی گئی۔

گرفتار، علامتی تصویر آئی اے این ایس
گرفتار، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کیرالہ کے ترووننت پورم ضلع میں ایک حیرت انگیز معاملہ سامنے آیا ہے جہاں عصمت دری کے ایک ملزم کی اس متاثرہ لڑکی سے شادی کرا دی گئی جو کہ نابالغ تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 23 سالہ ایک نوجوان نے 16 سال کی نابالغ لڑکی کے ساتھ زنا کا عمل انجام دیا تھا۔ بعد میں چوری چھپے ملزم اور متاثرہ کی شادی کرا دی گئی۔ پولیس کو جب اس کی خبر ملی تو ملزم دولہا کو نابالغ لڑکی سے عصمت دری اور چوری چھپے نکاح کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ ترووننت پورم ضلع کے نیدمنگڈو واقع پنوور علاقہ کا ہے۔ پولیس نے ملزم نوجوان کے علاوہ نابالغ لڑکی کے والد اور مقامی مسجد کے اس مولوی کو بھی گرفتار کیا ہے جس نے نکاح پڑھانے کی ذمہ داری نبھائی تھی۔ 24 جنوری کو پولیس نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ نابالغ لڑکی کے ساتھ یہ شادی 18 جنوری کو ہوئی تھی۔ جانکاری ملنے کے بعد اس سلسلے میں پوچھ تاچھ کی گئی اور سچائی پتہ چلتے ہی کارروائی کی گئی۔


پولیس کا کہنا ہے کہ کلیدی ملزم کی شناخت عامر کی شکل میں ہوئی ہے جسے متاثرہ کے ساتھ عصمت دری کے معاملے میں 2021 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ لڑکی کے گھر والوں کی شکایت پر گزشتہ سال اس کے خلاف معاملہ درج کیا گیا تھا اور کارروائی کرتے ہوئے اسے جیل بھیج دیا گیا تھا۔ لیکن پھر وہ ضمانت پر باہر آ گیا تھا اور لگاتار لڑکی کے گھر والوں کو شادی کے لیے راضی کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ گزشتہ 18 جنوری کو عامر اور نابالغ لڑکی کا نکاح کرا دیا گیا لیکن اب عامر، لڑکی کے والد اور مولوی کے خلاف جنسی استحصال سے بچوں کے تحفظ ایکٹ (پاکسو) کی مختلف دفعات میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مقامی عدالت نے تینوں کو حراست میں رکھنے کا حکم دیا ہے اور انھیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔