آر ایس ایس کارکن نے کیرالہ میں پولس اسٹیشن پر پھینکا تھا بم، ویڈیو وائرل

کیرالہ پولس نے نورانند پروین سمیت 4 آر ایس ایس کارکنان کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔ ان لوگوں پر سنگین الزام ہے کہ انھوں نے نیدومنگد پولس اسٹیشن پر بم پھینکا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کیرالہ کے سبریمالہ مندر میں 40 سال عمر کی خواتین کے داخلے کے بعد سے پیدا تشدد اب بھی جاری ہے۔ اس درمیان نیدومنگد پولس اسٹیشن میں بم پھینکنے کے معاملے میں پولس نے 4 آر ایس ایس کارکنان کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔ اس میں نورانند پروین کا نام بھی شامل ہے جو کہ اس وقت فرار ہے۔ ان لوگوں پر الزام ہے کہ انھوں نے نیدومنگد پولس اسٹیشن میں بم پھینکا تھا۔

سوشل میڈیا پر اس واقعہ کا ویڈیو تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہا ہے۔ ویڈیو میں آر ایس ایس پرچارک نیدومنگد پولس اسٹیشن پر بم سے حملہ کر رہا ہے۔ خبروں کے مطابق اس حملے کے دوران تقریباً 5 لوگ زخمی ہو گئے تھے۔ اس ویڈیو میں ایک شخص پولس اسٹیشن پر بم پھینکتا ہوا نظر آ رہا۔ پولس کے مطابق آر ایس ایس-بی جے پی اور برسراقتدار سی پی ایم کے حامیوں کے درمیان کئی جگہ پر تصادم کی خبریں ہیں۔

اس تعلق سے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین کا کہنا ہے کہ ریاست میں بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ تشدد کو ہوا دے رہے ہیں۔ ریاست کے پولس ہیڈ کوارٹر سے جاری اعداد و شمار کے مطابق تشدد کے معاملوں میں 1772 کیس درج کیے گئے ہیں اور ان معاملوں میں کل 5397 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولس کےمطابق گرفتار لوگوں میں سے 4666 کو عدالت سے ضمانت مل چکی ہے جب کہ 731 لوگوں کو ریمانڈ میں لیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ 2 دسمبر کی علی الصبح سبریمالہ مندر میں 50 سال سے کم عمر کی دو خواتین مندر میں داخل ہوئی تھیں اور انھوں نے بھگوان ایپّا کے دَرشن اور پوجا کی تھی۔ بعد ازاں سری لنکا سے تعلق رکھنے والی ایک دیگر 46 سالہ خاتون نے بھی جنوری کے پہلے ہفتہ میں ہی سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ سبریمالہ مندر میں قدم رکھا تھا۔ ممنوعہ خواتین کے مندر میں داخلے کے بعد سے بی جے پی اور آر ایس ایس کارکنان ریاست میں جگہ جگہ پُرتشدد مظاہرے کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔