کیرالہ بلدیاتی انتخابات: لیفٹ جماعتوں کی بڑی کامیابی، وجین نے عوام کو کہا- شکریہ

کیرالہ میں بدھ کے روز 1200 بلدیاتی حلقوں میں 21893 وارڈون کے لئے صبح 8 بجے سے ووٹوں کی گنتی کی گئی۔ انتخابی نتائج میں سی پی ایم کی قیادت والے ایل ڈی ایف نے شاندار جیت درج کی ہے

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @vijayprashad
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @vijayprashad
user

قومی آوازبیورو

ترواننت پورم: کیرالہ میں بدھ کے روز 1200 بلدیاتی حلقوں میں 21893 وارڈون کے لئے صبح 8 بجے سے ووٹوں کی گنتی کی گئی۔ انتخابی نتائج میں سی پی ایم کی قیادت والے ایل ڈی ایف نے شاندار جیت درج کی ہے۔ جبکہ کانگریس کی قیادت والا یو ڈی ایف دوسرے مقام پر رہا۔

انتخابات میں کامیابی پر وزیر اعلیٰ پنرائی وجین نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ یہ کیرالہ سے محبت کرنے والے لوگوں کا ان لوگوں کو پیغام ہے جو اسے تباہ کرنے پر آمادہ ہیں۔

لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) 945 گرام پنچایتوں میں سے 520 پر اور اپوزیشن جماعت کانگریس کی قیادت والا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ 371 سیٹوں پر آگے ہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق ایل ڈی ایف 14 ضلع پنچایتوں میں سے 10 پر جیت کی طرف گامزن ہے۔


کورونا پروٹوکول کی وجہ سے ریاستی الیکشن کمیشن کی طرف سے ووٹوں کی گنتی کے لئے 244 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ ریاستی الیکشن کمشنر وی بھاسکرن نے کہا کہ خصوصی ووٹوں سمیت پوسٹ بیلٹوں کی گنتی پہلے اور ای وی ایم کے ووٹوں کی گنتی بعد میں کی گئی۔ ریاست میں ملپورم ضلع میں سب سے زیادہ 8387 اور وائناڈ میں سب سے کم 1857 امیدوار میدان میں ہیں۔ انتخابت تین مراحل میں ہوئے اور 8 دسمبر کو پہلے مرحلے کی ووٹنگ ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ اگلے سال اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ اسے حالات میں بلدیاتی انتخابات کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ ان انتخابات کے نتائج سے سیاسی جماعتیں آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے زمین تیار کر سکیں گی۔ یہی وجہ ہے کہ کووڈ-19 کے حوالہ سے تمام تر بندشیں عائد ہونے کے باوجود زور و شور سے تشہیر کی گئی اور مقامی سے زیادہ قومی مسائل کو اٹھایا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔