میں ربراسٹامپ نہیں ہوں :عارف محمدخان

کیرالہ کے گورنر عارف محمد خان نے جمعرات کو کہاکہ وہ کوئی ربر اسٹامپ نہیں ہیں اور ایسے معاملوں میں وہ اپنی عقل کا استعمال کریں گے

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لوکل سیلف گورنمنٹس (ایل ایس جی ) میں حلقوں کی تعدادبڑھانے کے کیرالہ حکومت کے آرڈیننس پر دستخط کرنے سے منع کرنے کے بعد کیرالہ کے گورنر عارف محمد خان نے جمعرات کو کہاکہ وہ کوئی ربر اسٹامپ نہیں ہیں اور ایسے معاملوں میں اپنی عقل کا استعمال کریں گے ۔ عارف محمد خان جن کے تعلق سے یہ بات عام ہےکہ وہ بی جے پی اور اس کی قیادت کے لئے نرم گوشہ رکھتے ہیں اورحال ہی میں ایک تقریب میں ان کے اور قابل احترام معروف مورخ عرفان حبیب کے درمیان اختلافات ہو گئے تھے۔ عارف محمد خان کو شہریت ترمیمی قانون کے حامیوں میں شمار کیا جاتاہے۔

گورنرنے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا،’’ میں نے کچھ سوال اٹھائے ہیں اور مجھے ان سوالوں کے جواب چاہئیں ۔اس کے بعد میں اپنی عقل کااستعمال کروں گا۔‘‘آرڈیننس پر اپنے موقف پر قائم رہتے ہوئے انھوں نے کہا،’’ میں نے کبھی دستخط کرنے سے منع نہیں کیالیکن مجھے ایسے معاملوں میں وضاحت چاہئے ۔ مجھے اس بارے میں تفصیلی معلومات کے لیے اور وقت درکار ہے ۔‘‘


گورنرنے اپنا موقف رکھتے ہوئے کہاکہ حکومت آرڈیننس کو اسمبلی میں پیش کرکے اس پر بحث کرائے اور اپوزیشن کی رضامندی کے ساتھ اسے ایوان سے منظور کرالے ۔

اس سے قبل اپوزیشن کے لیڈر رمیش چینی تھالا نے الزام لگایاکہ مقامی بلدیاتی وارڈوں کی ازسرنوحدبندی مردم شماری سےمتعلق عمل پر اثر انداز ہوگی ۔مارکسی کمیونسٹ پارٹی کی حمایت والی بایاں محاذ حکومت 2015کی ووٹر لسٹ کی بنیاد پر ایل ایس جی انتخابات کرانے کی حمایت کررہی ہے ۔


اپوزیشن کے لیڈر نے گورنر سے 2021کی مردم شماری مکمل ہونے تک اس آرڈیننس پر دستخط نہ کرنے کی اپیل کی تھی ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔