کورنا وائرس: کیرالہ کے تین ہزار سے زیادہ لوگ زیرِ نگرانی

تاہم، گزشتہ کچھ دنوں میں کورونا وائرس کا ایک بھی مثبت معاملہ منظر عام پر نہ آنے کے بعد، ریاستی حکومت نے اس انفیکشن سے متعلق حال ہی میں جاری کردہ ’ہنگامی صورتحال‘ کے انتباہ کو واپس لے لیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

تھرواننت پورم: کیرالہ میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے شبہ کے پیش نظر 3,014 لوگوں کو طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے حالانکہ گزشتہ چار دنوں میں ریاست میں وائرس کے کسی نئے معاملہ کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

نگرانی میں رکھے گئے 3,014 لوگوں میں سے 61 لوگوں کو ریاست کے مختلف اسپتالوں میں الگ سے بنائے گئے وارڈوں میں رکھا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے سنیچر کو یہ اطلاع دی۔ ذرائع نے بتایا کہ جانچ کے لئے 285 خون کے نمونے وائرولوجی انسٹی ٹیوٹ بھیجے گئے تھے جن میں سے 261 کے نتائج آگئے ہیں اور ان کی رپورٹ نگیٹیو ہے۔


اس درمیان کیرالہ کی وزیر صحت کے کے شیلجا نے سنیچر کو کہا کہ گزشتہ کچھ دنوں میں ریاست میں کورونا وائرس کا کوئی نیا معاملہ سامنے نہیں آیا ہے۔ اس لئے ریاستی حکومت نے ’ریاستی آفت‘ کا اعلان واپس لے لیا ہے۔ اس سے پہلے کیرالہ میں کورونا وائرس کے تین معاملات کی تصدیق ہونے کے بعد تین فروری کو ریاستی حکومت نے اسے ’ریاستی آفت‘ قرار دیا تھا۔

ہندوستان میں کورونا وائرس کے جو تین مثبت واقعات رپورٹ ہوئے ہیں وہ تمام کیرالہ کے تھرسور، الاپوجھا اور کسارگوڈ اضلاع سے تھے اور وہ سب کیرالہ کے طالب علم تھے۔ ان میں سے دو ووہان یونیورسٹی کے میڈیکل اسٹوڈنٹ ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔