کیرالہ: انتخابی مہم کے دوران کانگریس رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کے قافلے پر حملہ، گَن مین کو پیٹا، 2 افراد حراست میں
ششی تھرور انل کمار کی حمایت میں انتخابی مہم چلانے کے لیے ملاپورم پہنچے تھے۔ اسی دوران اچانک ایک گاڑی سے کچھ نوجوان اترے اور انہوں نے تھرور کے قافلے کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔

کانگریس رکن پالیمنٹ ششی تھرور کے قافلے پر کیرالہ میں اس وقت حملہ ہو گیا جب وہ انتخابی مہم کے سلسلے میں ملاپورم ضلع پہنچے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کچھ نامعلوم افراد نے ان کے قافلے کو راستے میں روک لیا اور ان کے ساتے موجود پولیس اہلکاروں کے ساتھ مار پیٹ بھی کی۔ واقعہ کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ششی تھرور یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) کے امیدوار اے پی انل کمار کی حمایت میں انتخابی مہم چلانے کے لیے ملاپورم پہنچے تھے۔ اسی دوران اچانک ایک گاڑی سے کچھ نوجوان اترے اور انہوں نے کانگریس رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کے قافلے کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نوجوانوں نے ان کی گاڑی کے شیشوں پر زور زور سے ہاتھ مار کر احتجاج کیا، جسے سے موقع پر کشیدگی کا ماحول پیدا ہو گیا۔
صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے تھرور کے گَن مین (محافظ) فوراً گاڑی سے باہر آئے اور نوجوانوں کو ہٹانے کی کوشش کی۔ اسی دوران تلخ کلامی ہاتھا پائی میں بدل گئی اور سیکورٹی اہلکار کے ساتھ مار پیٹ کی گئی۔ اس واقعہ کو وی آئی پی سیکورٹی میں سنگین کوتاہی مانا جا رہا ہے۔ پولیس نے معاملے کی سنگینی کے پیش نظر فوری کارروائی کرتے ہوئے 2 لوگوں کو حراست میں لے لیا ہے اور آگے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔
کانگریس رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے اس واقعے کے متعلق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کی۔ انہوں نے لکھا کہ ’’کل رات پیش آنے والے اس بدقسمت واقعے کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرنے والے تمام میسجز اور فون کالز سے میں واقعی متاثر ہوا ہوں، جب میرے سیکورٹی گارڈ پر حملہ کیا گیا تھا۔ وہ اب ٹھیک ہے اور مجھے کوئی چوٹ نہیں آئی۔ تمام دوستوں اور خیر خواہوں کا شکریہ۔ کل ہم بغیر کسی خوف کے آگے بڑھے اور منصوبے کے مطابق 2 مزید پروگرام مکمل کیے۔ اور ہمارا جاری پروگرام بھی اس سے متاثر نہیں ہوا۔‘‘
واضح رہے کہ کیرالہ اسمبلی کی 140 سیٹوں کے لیے 9 اپریل کو ووٹنگ ہونی ہے، جبکہ ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو ہوگی۔ ریاست میں اصل مقابلہ 3 اہم اتحادوں سی پی آئی ایم کی قیادت میں ایل ڈی ایف، کانگریس کی قیادت میں یو ڈی ایف اور بی جے پی کی قیادت میں این ڈی اے کے درمیان مانا جا رہا ہے۔ گزشتہ اسمبلی انتخاب میں ایل ڈی ایف نے 99 سیٹیں جیت کر واضح اکثریت حاصل کی تھی، جبکہ یو ڈی ایف کو 41 نشستوں پر ہی اکتفا کرنا پڑا تھا۔ اس بار بھی ریاست میں سہ رخی مقابلے کے پیش نظر سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔