کیجریوال کی بیٹی آن لائن ٹھگی کا شکار، صوفہ بیچنے کے چکر میں گئے 34 ہزار روپے

وزیر اعلی اروند کیجریوال کی بیٹی نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا ہوگا کہ اس کےساتھ اس طرح کوئی ٹھگی کر سکتا ہے

وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی بیٹی ہرشیتا کی فائل تصویر / Getty Images
وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی بیٹی ہرشیتا کی فائل تصویر / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: آن لائن ٹھگی کے معاملات بڑھتے ہی جا رہے ہیں اور عام لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ایسی ٹھگی کا معاملہ سامنے آیا ہے جس نے سب کو حیران کر دیا ہے۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی تعلیم یافتہ بیٹی ہرشیتا سے آن لائن ٹھگی کرنے والوں نے 34 ہزار روپے ٹھگ لئے ہیں۔ کیجریوال کی بیٹی نے سیول لائنز تھانے میں اس کی شکایت درج کرا دی ہے اور پولیس اس کی جانچ میں جٹ گئی ہے۔

کیجریوال کی بیٹی ہرشیتا نے اپنے گھر کے پرانے صوفے بیچنے کے لئے او ایل ایکس (OLX) پر اشتہار ڈالا لیکن وہا سے بیچنے کے چکر میں خود ٹھگی کا شکار ہوگئیں اور ان کے اکاؤنٹ سے دو مرتبہ میں 34 ہزار روپے کٹ گئے۔

نیوز 18 پر شائع خبر کے مطابق کیجریوال کی بیٹی ہرشیتا نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے گھر کا صوفہ بیچنا چاہتی تھیں اور اس کے لئے انہوں نے او ایل ایکس کی سائٹ پر اشتہار ڈالا، اس کی تصویر بھی اپلوڈ کی۔ اس کے بعد کسی نے صوفہ خریدنے میں دلچسپی دکھاتے ہوئے ان سے رابطہ کیا اور اس کے بعد ایک رقم طے ہو گئی۔


رقم طے کرنے کے بعد ٹھگ نے اپنا کام شروع کیا۔ اس نے ہرشیتا کا اعتماد جیتنے کے لئے اور اکاؤنٹ نمبر کی تصدیق کرنے کے لئے پہلے دو روپے ہرشیاتا کے کھاتے میں ڈالے۔ اس کے بعد اس انجان ٹھگ نے ہرشیتا کو ایک کیو آر (QR) کوڈ بھیجا جس کو اسکین کر کے پیسے اکاؤنٹ میں بھیجے جا سکیں لیکن اس اکاؤنٹ میں رقم آنے کے بجائے الٹا اس میں سے کٹ گئی اور جب ہرشیتا نے اس کو بتایا تو اس نے کہا کہ غلط کیو آر کوڈ چلا گیا، وہ اس کو دوسرا کیو آر کوڈ بھیج رہا ہے اور اس کو اسکین کرنے کے بعد کاٹی گئی رقم بھی واپس آ جائے گی اور صوفے کی طے رقم بھی اکاؤنٹ میں آ جائے گی۔

ہرشیتا سائبر ٹھگ کی چال میں دوبارہ آ گئیں اور انہوں نے دوبارہ کیو آر کوڈ اسکین کر لیا جس کے بعد ایک مرتبہ پھر ہرشیتا کے اکاؤنٹ سے پیسے کٹ گئے۔ دو مرتبہ میں ہرشیتا کےکھاتے سے 34 ہزار روپے کٹ گئے۔ معاملہ کیونکہ ہائی پروفائل ہے اس لئے پولیس اس معاملہ میں فوری کارروائی انجام دے رہی ہے اور ٹھک کو تلاش کیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Feb 2021, 9:25 AM