کیجریوال نے صرف خواب دکھائے اور سفید جھوٹ بولا: سندیپ دکشت
کانگریس امیدوار سندیپ دکشت نے دہلی میں ترقیاتی کام رکنے اور کیجریوال حکومت پر جھوٹے وعدوں کا الزام لگایا۔ انہوں نے عوام سے حقائق پر مبنی انتخاب کرنے کی اپیل کرتے ہوئے حقیقی کام کرنے کا وعدہ کیا

سندیپ دکشت / سوشل میڈیا
نئی دہلی: کانگریس کے امیدوار سندیپ دکشت نے گزشتہ روز نئی دہلی اسمبلی نشست سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے کے ایک دن بعد آج جمعہ کو عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں سفید جھوٹ بولنے والا قرار دیا۔ آئی اے این ایس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیجریوال نے دہلی کے عوام کو صرف خواب دکھائے اور کوئی حقیقی کام نہیں کیا۔
سندیپ دکشت نے اپنے انتخابی نعرے 'سپنے نہیں حقیقت چنو' کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کیجریوال نے 10 سال پہلے صفائی ملازمین کو مستقل کرنے اور انہیں گھر دینے کے وعدے کیے تھے، جو سراسر جھوٹے ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل پہلے ہی شیلا دکشت کے دورِ حکومت میں شروع ہو چکا تھا۔ لیکن کیجریوال کو اس میں مزید ملازمین کا اضافہ کرنا چاہیے تھا، جس کے برعکس انہوں نے بھرتیاں روک دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری گھر اس طرح نہیں دیے جا سکتے جیسے کیجریوال نے وعدہ کیا تھا۔
دکشت نے مزید کہا، ’’نئی دہلی اسمبلی حلقے میں پچھلے 10 سال سے ترقیاتی کام مکمل طور پر جمود کا شکار ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے صرف خواب دکھانے کے بجائے حقیقت پر مبنی کام کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ شیلا دکشت کے دور میں جو کہا جاتا تھا، اس پر عمل بھی ہوتا تھا۔ ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ ہر بات پر مکمل عمل ہو سکتا ہے، لیکن اچھے ارادے اور محنت سے 70 سے 80 فیصد کام بہتر انداز میں مکمل کیے جا سکتے ہیں۔‘‘
انہوں نے عام آدمی پارٹی کی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ مہنگائی بڑھنے کا سارا الزام مرکز پر ڈالتی ہے لیکن عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے خود کچھ نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا، "ہم جہاں جہاں مرکز کی حکومت نے غلطی کی ہے، وہاں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، لیکن 'عآپ' حکومت اپنی ناکامیوں کا اعتراف کرنے کے بجائے صرف دوسروں پر الزام لگاتی ہے۔"
دکشت نے دہلی کے ووٹروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جھوٹے وعدوں کے بجائے حقیقی خدمات کو بنیاد بنا کر اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں اور کانگریس کو موقع دیں تاکہ ترقیاتی منصوبے دوبارہ شروع ہو سکیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔