’بیٹیوں کی سرعام عزت لوٹی جا رہی ہے اور باپ...‘، منی پور معاملے پر کیجریوال نے پی ایم مودی کو بنایا تنقید کا نشانہ

کیجریوال نے کہا کہ ’’میں بتا دوں کہ لوگ ہر وقت وزیر اعظم کو نہیں یاد کرتے، لیکن وزیر اعظم کو تب ضرور یاد کرتے ہیں جب سبھی سسٹم فیل ہو جاتے ہیں، بے لباس خواتین کے لیے سب کچھ فیل ہو گیا تھا۔‘‘

اروند کیجریوال
اروند کیجریوال
user

قومی آوازبیورو

دہلی اسمبلی کا خصوصی اجلاس جاری ہے۔ اس خصوصی اجلاس کے آج دوسرے دن عام آدمی پارٹی چیف اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے منی پور کے واقعہ پر اپنی بات رکھی۔ اس دوران انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی لیڈران کہہ رہے ہیں کہ اس اسمبلی کا منی پور سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ کئی مہینوں سے منی پور جل رہا ہے، لیکن پی ایم مودی نے کچھ نہیں بولا۔ بتا دوں کہ 6500 ایف آئی آر درج ہو گئیں اور 150 اموات ہو گئیں، لیکن پی ایم خاموش رہے۔ پوری دنیا میں تھو تھو ہو رہی ہے، لیکن ہندوستان کے پی ایم خاموش رہے۔ جب ایک دن ویڈیو وائرل ہوا تب بھی پی ایم خاموش رہے۔ ان کے وزیر اعلیٰ کہتے ہیں کہ یہ کوئی آئسولیٹیڈ انسیڈنٹ (الگ تھلگ واقعہ) نہیں ہے، یہ تو روزانہ ہو رہا ہے۔‘‘

کیجریوال نے دہلی اسمبلی میں اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے یہاں تک کہا کہ ’’میں بتا دوں کہ لوگ ہر وقت وزیر اعظم کو نہیں یاد کرتے، لیکن وزیر اعظم کو تب ضرور یاد کرتے ہیں جب سبھی سسٹم فیل ہو جاتے ہیں۔ بے لباس خواتین کے لیے سب کچھ فیل ہو گیا تھا اور ان کے ساتھ غلط کام کیا گیا تھا، لیکن وزیر اعظم نے کچھ نہیں بولا۔ وزیر اعظم کی عمر کے حساب سے وہ ان کے باپ کے برابر ہیں۔ بیٹیوں کی سرعام عزت لوٹی جا رہی ہے اور باپ کہے کہ اس سے میرا کوئی لینا دینا نہیں ہے، تو بیٹیاں کہاں جائیں گی۔‘‘


اس درمیان کیجریوال نے ایک وائرل ویڈیو کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں بتا دوں کہ ایک ریٹائر آرمی آفیسر کا ویڈیو سرکولیٹ ہو رہا ہے۔ وہ وزیر اعظم مودی کا اَندھ بھکت ہوتا تھا۔ وہ روتے ہوئے کہہ رہا تھا کہ میں نے ایسا نہیں سوچا تھا۔ بی جے پی والے کہہ رہے ہیں کہ یہ پہلے وزیر اعظم ہیں جو 50 بار نارتھ ایسٹ گئے تھے۔ اب جبکہ منی پور کے اندر مصیبت آئی ہے تب آپ کو خیال نہیں آیا، تب آپ اپنے گھر کے اندر کنڈی مار کر بیٹھ گئے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔