چنڈی گڑھ میئر الیکشن: ’میئر الیکشن میں یہ لوگ اتنا گر سکتے ہیں تو...‘، شکست کے بعد کیجریوال کا بی جے پی پر حملہ

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’چنڈی گڑھ میئر الیکشن میں دن دہاڑے جس طرح سے بے ایمانی کی گئی ہے، وہ بے حد فکر انگیز ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آوازبیورو

چنڈی گڑھ میں میئر الیکشن کا نتیجہ سامنے آ چکا ہے، لیکن اس درمیان جو کچھ ہوا اس پر زبردست ہنگامہ دیکھنے کو ملا۔ منگل کے روز ہوئے چنڈی گڑھ میئر انتخاب میں بی جے پی کے منوج سونکر نے حیرت انگیز طریقے سے جیت حاصل کر لی ہے۔ انھوں نے انڈیا اتحاد کے امیدوار کلدیپ کمار کو شکست دے دی، لیکن اس نتیجہ پر اب سوال کھڑے کیے جانے لگے ہیں۔ وجہ یہ ہے کہ انڈیا اتحاد کے پاس 20 ووٹ تھے اور بی جے پی کے پاس 15 ووٹ (رکن پارلیمنٹ کرن کھیر سمیت)۔ ایک ووٹ شرومنی اکالی دل کا تھا۔ جب نتیجہ جاری ہوا تو بی جے پی امیدوار کے حصے میں 16 ووٹ تھے اور انڈیا اتحاد امیدوار کے حصے میں محض 12 ووٹ۔ ایسا اس لیے کیونکہ انڈیا اتحاد امیدوار کو ملنے والے 8 ووٹ رَد کر دیے گئے۔ یعنی بی جے پی امیدوار منوج سونکر میئر کا یہ الیکشن جیت گئے۔

قابل ذکر ہے کہ کانگریس (7 کونسلر) اور عآپ (13 کونسلر) نے مل کر میئر الیکشن کا انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اسے انڈیا اتحاد کی پہلی لڑائی تصور کیا جا رہا تھا۔ اب جبکہ نتیجہ سامنے آ چکا ہے تو دونوں ہی پارٹیوں کے کونسلر دھرنے پر بیٹھ گئے ہیں۔ انڈیا اتحاد نے تو سینئر ڈپٹی میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کا بائیکاٹ بھی کر دیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ہائی کورٹ جائیں گے اور اپنی شکایت کریں گے۔ چنڈی گڑھ میونسپل کارپوریشن کی کونسلر پریم لتا نے ہائی کورٹ جانے کا اعلان کر دیا ہے۔


چنڈی گڑھ میئر الیکشن کا نتیجہ سامنے آنے کے بعد دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے میئر الیکشن کے ریزلٹ کو ’بے ایمانی‘ قرار دیا ہے اور اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’چنڈی گڑھ میئر انتخاب میں دن دہاڑے جس طرح سے بے ایمانی کی گئی ہے، وہ بے حد فکر انگیز ہے۔ اگر ایک میئر انتخاب میں یہ لوگ اتنا گر سکتے ہیں تو ملک کے انتخاب میں تو یہ کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ یہ بے حد تشویش ناک ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔