کیدارناتھ ہیلی کاپٹر حادثہ: پرینکا گاندھی کا اظہار افسوس، ریاستی حکومت سے سلامتی اقدامات کی اپیل

کیدارناتھ ہیلی کاپٹر حادثے پر پرینکا گاندھی اور ہریش راوت نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے سلامتی اقدامات کی سختی سے عمل آوری کی اپیل کی ہے

<div class="paragraphs"><p>کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

اتراکھنڈ کے ضلع رودرپریاگ کے گوری کنڈ علاقے میں اتوار کو ایک دردناک ہیلی کاپٹر حادثہ پیش آیا، جس میں پائلٹ سمیت تمام سات افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ ہیلی کاپٹر صبح 5:17 پر گپت کاشی سے اڑا تھا اور کیدارناتھ سے یاتریوں کو لے کر واپس آ رہا تھا کہ خراب موسم کے باعث حادثے کا شکار ہو گیا۔ حکام کے مطابق حد درجہ خراب موسم میں ہیلی کاپٹر نے راستہ بھٹکا اور پہاڑی علاقے سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں سبھی افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

حادثے پر کانگریس کی جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمان پرینکا گاندھی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لکھا، ’’گوری کنڈ، اتراکھنڈ میں پیش آنے والے ہیلی کاپٹر حادثے میں 7 لوگوں کی موت کی خبر انتہائی دکھ بھری ہے۔ بھگوان کیدارناتھ مرحومین کی آتما کو شانتی دیں۔ سوگ میں ڈوبے خاندانوں سے دلی ہمدردی ہے۔ چار دھام یاترا کے آغاز سے اب تک یہ پانچواں ہیلی کاپٹر حادثہ ہے۔ ریاستی حکومت سے اپیل ہے کہ سلامتی کے اصولوں کا گہرائی سے جائزہ لیا جائے اور یاتریوں کی مکمل حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔‘‘


اس موقع پر اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر رہنما ہریش راوت نے بھی اپنے ایکس اکاؤنٹ پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا، ’’کیدارناتھ علاقے میں ایک بار پھر ہیلی کاپٹر حادثہ پیش آیا ہے اور یہ حادثہ انتہائی ہولناک ہے۔ پائلٹ سمیت تمام یاتری ہلاک ہو گئے ہیں۔ پورا اتراکھنڈ سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔’’

انہوں نے مزید لکھا، ’’ریاست میں شہری ہوا بازی کا شعبہ ترقی کر رہا ہے، جو خوش آئند ہے، مگر حادثات کا تناسب بھی اسی رفتار سے بڑھ رہا ہے، جو انتہائی تشویشناک ہے۔ تمام حادثات کی تحقیقات کے بعد جو سفارشات سامنے آئی ہیں، ان کی روشنی میں سلامتی کے پختہ اقدامات کرنے ہوں گے۔ اگر ہم نے لاپروائی برتی تو اس کا خمیازہ انسانی جانوں کی صورت میں بھگتنا پڑے گا۔ ہمیں ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے کہ ہمارا ہوا بازی کا شعبہ حادثہ سے پاک ہو۔‘‘

انہوں نے آخر میں دعا کرتے ہوئے کہا، ’’بابا کیدار تمام مرحومین کو اپنے چرنوں میں جگہ دیں اور ان کے لواحقین کو اس ناقابلِ برداشت غم کو برداشت کرنے کی طاقت عطا فرمائیں۔’’

قابل ذکر ہے کہ چار دھام یاترا کے دوران یہ پانچواں ہیلی کاپٹر حادثہ ہے، جس نے ریاستی حکومت اور شہری ہوا بازی کے محکمے کے انتظامات پر سوال کھڑے کر دیے ہیں۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں موسم کی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر اضافی احتیاط اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پروازوں کی نگرانی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔