کیدارناتھ ہیلی کاپٹر حادثہ: پائلٹوں کے لائسنس معطل، کمانڈ کنٹرول روم کے قیام کا حکم
کیدارناتھ میں ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد کارروائی، دو پائلٹوں کے لائسنس معطل، تمام پروازیں منسوخ، کمانڈ کنٹرول روم قائم کرنے اور سکیورٹی پروٹوکول پر ازسرنو غور کا حکم

آئی اے این ایس
اتراکھنڈ کے مقدس مقام کیدارناتھ میں اتوار کی صبح ایک افسوسناک ہیلی کاپٹر حادثہ پیش آیا، جس میں آرین ایوی ایشن کا بیل 407 ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا۔ اس ہیلی کاپٹر میں پانچ یاتری، ایک بچہ اور عملے کا ایک رکن سوار تھا۔
شہری ہوائی بازی کی وزارت کے مطابق، ہیلی کاپٹر نے صبح 5:10 پر گپت کاشی کے آرین ہیلی پیڈ سے پرواز بھری اور 5:18 پر کیدارناتھ ہیلی پیڈ پر اترا۔ ایک منٹ بعد یعنی 5:19 پر اس نے واپسی کے لیے دوبارہ پرواز بھری لیکن تقریباً 5:30 سے 5:45 کے درمیان یہ گوری کنڈ کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا۔
ابتدائی اندازے کے مطابق، خراب موسم اور بادلوں کی موجودگی کے باوجود پرواز جاری رکھنے کی وجہ سے یہ ’کنٹرولڈ فلائٹ ان ٹو ٹیرین‘ حادثہ ہوا۔ تاہم اصل وجہ کا تعین ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹیگیشن بیورو (اے اے آئی بی) کی تفصیلی جانچ کے بعد ہی ہو سکے گا۔
حادثے کے فوراً بعد این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائی شروع کی، مگر دشوار گزار پہاڑی راستے اور خراب موسم کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ متعلقہ تمام ایجنسیاں مل کر کام کر رہی ہیں۔
حادثے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے صبح 11 بجے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا، جس میں شہری ہوابازی کے سیکریٹری، ڈی جی سی اے اور دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں کئی اہم فیصلے لیے گئے۔ سب سے پہلے، آرین ایوی ایشن کی چار دھام یاترا کے تحت تمام پروازوں کو فوری طور پر منسوخ کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ، ٹرانس بھارت ایوی ایشن کی دو پروازوں کے پائلٹوں کے لائسنس 6 ماہ کے لیے معطل کر دیے گئے، کیونکہ انہوں نے خراب موسم کے باوجود پرواز کی تھی۔
مزید احتیاطی تدبیر کے طور پر 15 اور 16 جون کو کیدارناتھ میں تمام چارٹر اور شٹل پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ یو سی اے ڈی اے کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام آپریٹرز اور پائلٹوں کے ساتھ میٹنگ کر کے سکیورٹی پروٹوکول پر ازسرنو غور کرے۔ اس کے علاوہ، ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول روم قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جو پروازوں کی براہ راست نگرانی کرے گا اور خطرے کی صورت میں فوری کارروائی کرے گا۔
شہری ہوابازی کی وزارت نے ڈی جی سی اے کو ہدایت دی ہے کہ وہ سکیورٹی، پرواز اور آپریشنز سے متعلقہ افسران کو کیدارناتھ میں تعینات کرے تاکہ ہر پرواز پر سخت نظر رکھی جا سکے۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ ہوائی سفر کی سلامتی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور تمام آپریٹرز کو سختی سے موسمی اور سکیورٹی اصولوں کی پابندی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ کسی بھی قسم کی کوتاہی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔