کے بی سی 17: ’میں نے کبھی لوری نہیں سنی، بہادری کے قصے سن کر بڑی ہوئی ہوں‘، کرنل صوفیہ قریشی نے سنائی داستان
سونی ٹی وی کے تازہ پرومو میں کرنل صوفیہ قریشی اپنی فیملی کی باوقار تاریخ کے بارے میں بات کرتی ہوئی نظر آتی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ وہ ایسے کنبہ سے آتی ہیں جہاں ہر کوئی فوج میں تھا۔
ٹیلی ویژن کے مشہور و مقبول ریلٹی شو ’کون بنے گا کروڑپتی‘ آج (15 اگست 2025)، یعنی جمعہ کی شام انتہائی خاص ہونے والا ہے۔ آج کے ایپی سوڈ میں بالی ووڈ کے سپراسٹار امیتابھ بچن کے سامنے وہ 3 بہادر خواتین بیٹھی نظر آئیں گی جنھوں نے ہندوستانی فوج میں اپنی خاص شناخت قائم کی ہے۔ ہندوستانی فوج سے منسلک کرنل صوفیہ قریشی، ہندوستانی فضائیہ کی وِنگ کمانڈر ویومیکا سنگھ اور ہندوستانی بحریہ کی کمانڈر پریرنا دیوستھلی۔
مذکورہ بالا تینوں بہادر خواتین آج کے ایپی سوڈ میں نہ صرف اپنی بہادری کی داستان بیان کریں گی، بلکہ خواتین کی خود مختاری پر دل چھو لینے والی باتیں کہتی دکھائی دیں گی۔ ان کی باتیں سن کر خود امیتابھ بچن بھی جذباتی نظر آئیں گے۔ اس ایپی سوڈ کا جو پرومو سامنے آیا ہے، اس میں امیتابھ بچن حیران اور جذباتی ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ خاص طور پر صوفیہ قریشی کی باتوں سے وہ بہت متاثر دکھائی دے رہے ہیں۔
سونی ٹی وی کے تازہ پرومو میں کرنل صوفیہ قریشی نے اپنی فیملی کی باوقار تاریخ کے بارے میں بات کرتی ہوئی نظر آتی ہیں۔ اس ویڈیو میں انھوں نے بتایا کہ وہ ایک ایسے کنبہ سے تعلق رکھتی ہیں، جہاں ہر کوئی فوج میں تھا۔ صوفیہ قریشی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کی پردادی کے آبا و اجداد رانی لکشمی بائی کے لیے لڑے تھے۔ اپنی پرورش کے بارے میں بات کرتے ہوئے صوفیہ نے کہا کہ ’’میں نے کبھی لوری نہیں سنی، بلکہ بچپن سے بہادری کے قصے سنے ہیں۔ ان کہانیوں نے مجھے ہمت دی اور میرے اندر ملک کے تئیں محبت کا جذبہ پیدا کیا۔‘‘ انھوں نے مزید بتایا کہ فوج میں ہر فوجی کو ایک جیسی تربیت ملتی ہے، چاہے وہ افسر ہو یا سپاہی، اور یہی مساوات فوج کو مضبوط بناتی ہے۔
کون بنے گا کروڑپتی کے آئندہ ایپی سوڈ میں خواتین کی خود مختاری کا ذکر کرتے ہوئے وِنگ کمانڈر ویومیکا سنگھ ایک بے حد اہم بات بتاتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ ’’ایک ایئرکرافٹ کو نہیں پتہ ہوتا کہ اس کے کنٹرولز پر ایک آدمی بیٹھا ہے یا عورت۔‘‘ اس دمریان وہ سماج کی اس سوچ پر بھی حملہ کرتی دکھائی دیں گی جہاں لڑکیوں کو صرف روٹی بنانا سکھایا جاتا ہے۔ ویومیکا بتاتی ہیں کہ انھیں تو بائک چلانے سے زیادہ مشکل کام روٹی بنانا ہی لگتا ہے۔
اس ایپی سوڈ میں تیسری بہادر خاتون کمانڈر پریرنا دیوستھلی کی سوچ بھی اپنی ساتھیوں جیسی ہی ہے۔ پرومو میں وہ کہتی نظر آتی ہیں کہ میری ٹیم کو مجھ پر مکمل بھروسہ ہے۔ پوری ٹیم سمجھتی ہے کہ میں جو بھی کروں گی، اچھا ہی کروں گی۔ یہی بھروسہ دوسری خواتین کو بھی آگے بڑھنے کی ترغیب دیتا ہے۔ میں بھی باقی خواتین کے لیے قابل ترغیب بننا چاہتی ہوں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔