کٹھوعہ عصمت دری و قتل کیس کا ٹرائل مکمل، 10 جون کو آئے گا فیصلہ

عدالتی ذرائع نے بتایا کہ کیس کے آخری مرحلے میں طرفین کے حتمی دلائل سنیں گئے جس کا سلسلہ 27 مئی سے پیر کے روز تک جاری رہا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ پٹھان کوٹ میں وحشیانہ کٹھوعہ عصمت دری و قتل کیس کے ملزمان کے خلاف جاری ٹرائل اپنے اختتام کو پہنچی اور فیصلہ دس جون کو صبح دس بجے سنایا جائے گا۔

یہ امر یہاں قابل ذکر ہے کہ ضلع کٹھوعہ کے رسانہ نامی گاﺅں میں گزشتہ برس جنوری 2018 میں پیش آئے آٹھ سالہ کمسن بچی کی وحشیانہ عصمت دری اور قتل کیس کے ملزمان کا 'ان کیمرہ' اور روزانہ بنیاد پر ٹرائل ایک برس پہلے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ پٹھان کوٹ میں شروع ہوا۔


عدالتی ذرائع نے بتایا کہ 'کیس کے آخری مرحلے میں طرفین کے حتمی دلائل سنیں گئے جس کا سلسلہ 27 مئی سے پیر کے روز تک جاری رہا۔ جج صاحب نے پہلے استغاثہ اور پھر وکلاء صفائی کی طرف سے پیش کیے گئے حتمی دلائل سنے'۔

انہوں نے بتایا 'طرفین کے دلائل سننے کے بعد جج صاحب نے کیس کا فیصلہ محفوظ رکھا اور اسے دس جون کو سنانے کا اعلان کیا'۔


متاثرہ بچی کے والد محمد یوسف پجوال کے ذاتی وکیل (پرائیویٹ کونسل) مبین فاروقی جو اسپیشل پبلک پراسیکیوٹرس سنتوک سنگھ بسرا اور جگ دیش کمار چوپڑا کو کیس میں اسسٹ کر رہے ہیں، نے گزشتہ ماہ یو این آئی اردو کو فون پر بتایا تھا کہ جون کے وسط تک کیس کا فیصلہ سامنے آنے کی امید ہے اور ملزمان کو سزائیں ملنا ایک سو ایک فیصد طے ہے۔

واضح رہے کہ مبین فاروقی نے کچھ روز قبل اس کی تفصیلی اطلاع فراہم کرتے ہوئے بتایا تھا کہ 'جون کی 15 تاریخ تک کیس کا فیصلہ سامنے آنے کی امید ہے۔ اس وقت وکلاء صفائی اپنے گواہ عدالت میں پیش کر رہے ہیں۔ آپ کو معلوم ہی ہے کہ واقعہ کے ملزمان کا ان کیمرہ اور روزانہ بنیادوں پر ٹرائل جاری ہے'۔


مبین فاروقی نے کہا تھا کہ استغاثہ سینئر ترین وکلاء کی ٹیم پر مشتمل ہے۔ معصوم بچی کو ہر حال میں انصاف دلایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ کیس میں کچھ پیچیدگیاں پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جن کا میں فون پر خلاصہ نہیں کرسکتا۔

فاروقی نے کہا تھا کہ وہ محمد یوسف (متاثرہ بچی کے والد) کی طرف سے عدالت میں پیش ہورہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا 'استغاثہ کی طرف سے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹرس شری ایس ایس بسرا اور جگ دیشور کمار چوپڑا کیس کی پیروی کر رہے ہیں اور انہیں مجھ سمیت متعدد وکلاء بشمول شری کے کے پوری، شری ہربچھن سنگھ اسسٹ کررہے ہیں۔ سپریم کورٹ میں اندرا جے سنگھ اور ان کی ٹیم کیس کو صحیح سے آگے بڑھا رہے ہیں'۔


کیس کے ملزمان کے وکیل اے کے ساونی نے چند روز قبل کہا تھا کہ کیس آخری مرحلے میں پہنچ گیا ہے اور ماہ رواں کی 27 تاریخ سے آخری مرحلے کی سنوائی شروع ہوگی۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس کیس کی روزانہ بنیادوں پر سنوائی ہوئی ہے اور ہمیں اپنی محنت کا صلہ ملنا چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔