کشمیر: موسمی حالات مسلسل دگرگوں، گلمرگ اور پہلگام میں تازہ برف باری، میدانی علاقوں میں بارشیں

وادی کشمیر میں بھاری برف باری کے بعد موسمی صورتحال مسلسل دگرگوں ہے اورگذشتہ شب بھی وادی کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں بھاری برف باری کے بعد موسمی صورتحال مسلسل دگرگوں ہے اورگذشتہ شب بھی وادی کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔ ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق جموں وکشمیر میں اگلے 48 گھٹنوں کے دوران کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارش ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ موصوف ترجمان نے کہا کہ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں گذشتہ شب تازہ برف باری ہوئی جبکہ وادی کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔


سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت 0.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ جہاں دوران شب تازہ برف باری ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام جہاں دوران شب تازہ برف باری ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

یٹ وے آف کشمیر کے نام سے قصبہ قاضی گنڈ جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔


لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ جاہں کم سے کم چار سینٹی میٹر تازہ برف باری ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 13.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس جو سائبیریا کے بعد دنیا کا دوسرا سرد ترین علاقہ ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی18.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

دریں اثنا وادی میں جمعے کے روز صبح سے ہی موسم خشک مگر ابر آلود رہا۔ وادی میں تازہ بھاری برف باری کے بعد شہر و گام کی سڑکیں زیر آب ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر ہوئے گڑھوں میں پانی جمع ہے اور سڑکوں کے کنارے کیچڑ سے بھرے ہوئے ہیں جس نے لوگوں کا خاص کر عمر رسیدہ افراد اور بچوں کا گھروں سے باہر نکلنا از بس محال کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان گڑھوں سے اٹھنے والی چھینٹیں دور دور تک سفر کرنے والے راہگیروں کو تعاقب کرکے انہیں کہیں کا نہیں چھوڑتی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔