وادی کشمیر: گلمرگ میں ’کھیلو انڈیا‘ کا دوسرا ایڈیشن شروع، وزیر اعظم مودی کے ذریعے افتتاح

وزیر اعظم نریندر مودی نے شمالی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں منعقد ہونے والی ’کھیلو انڈیا‘ سرمائی کھیلوں کے دوسرے ایڈیشن کا جمعے کے روز دلی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے افتتاح کیا

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @kheloindia
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @kheloindia
user

یو این آئی

سری نگر: وزیر اعظم نریندر مودی نے شمالی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں منعقد ہونے والی ’کھیلو انڈیا‘ سرمائی کھیلوں کے دوسرے ایڈیشن کا جمعے کے روز دلی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے افتتاح کیا۔

انہوں نے ان کھیلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں اور منتظمین کو مبارک باد دی اور ان کی کامیابی کے لئے دعا کی۔ اس موقع پر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، مرکزی وزیر کرن رجیجو کے علاوہ دیگر حکومتی اعلیٰ عہدیداراں موجود تھے۔

افتتاحی تقریب کے بعد کھیلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کیا۔ بتادیں کہ پانچ دنوں تک چلنے والی ان کھیلوں میں ملک کی 27 ریاستوں سے تعلق رکھنے والے قریب 12 سو کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں سال گذشتہ قریب ایک ہزار کھلاڑیوں نے ان کھیلوں میں حصہ لیا تھا۔


ان سرمائی کھیلوں کا اہتمام جموں و کشمیر وینٹر گیمز ایسو سی ایشن، جموں و کشمیر سپورٹس کونسل اور وزارت یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس نے باہمی اشتراک سے کیا ہے۔ مقابلے کے دوران کھلاڑی مختلف کھیلوں جیسے سکیٹنگ، سنو بورڈ، آئس سکیٹنگ وغیرہ میں اپنی صلاحیتوں کی جلوہ نمائی کریں گے۔

حکام کی طرف سے سال گذشتہ کے برعکس امسال شائقین کی موجودگی پر کوئی پابندی عائد نہیں ہے۔ سال گذشتہ کورونا وبا کے باعث شائقین ان کھیلوں سے لطف اندوز نہیں ہوسکے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔