وادی کشمیر: پولیس کا ضلع کپوارہ میں 2 ملی ٹینٹ اور 3 اعانت کاروں کی گرفتاری کا دعویٰ

ایس ایس پی ہندوارہ سندیپ گپتا نے گرفتار شدگان کی شناخت محمد یاسین ولد محمد اکبر، شوکت احمد گنائی ولد ثںا وللہ گنائی اور غلام نبی راتھر ولد ولی محمد راتھر ساکنان کچلو قاضی آباد کے بطور کی ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: جموں و کشمیر پولیس نے شمالی ضلع کپوارہ کے ہندوارہ علاقے سے البدر نامی ملی ٹنٹ تنظیم سے وابستہ دو مقامی ملی ٹنٹ اور تین ملی ٹنٹ اعانت کاروں کو گرفتار کرکے اسلحہ و گولہ بارود ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایس ایس پی ہندوارہ سندیپ گپتا نے ایک پریس کانفرنس کے دوران تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بارہمولہ –ہندوارہ شاہراہ پر کچلو کراسنگ کے نزدیک گزشتہ روز پولیس، فوج کی آر آر اور سی آر پی ایف کی ایک ٹیم نے ناکہ لگایا تھا جس دوران ایک موٹر سائیکل پر سوار تین افراد نے مشکوک حالت میں بھاگنے کی کوشش کی۔

انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ان تینوں افراد کو پکڑ لیا اور ان کی تلاشی لی گئی، تلاشی کے دوران ان سے گرینیڈ برآمد کیے گئے۔ انہوں نے گرفتار شدگان کی شناخت محمد یاسین ولد محمد اکبر، شوکت احمد گنائی ولد ثںا وللہ گنائی اور غلام نبی راتھر ولد ولی محمد راتھر ساکنان کچلو قاضی آباد کے بطور کی ہے۔


موصوف ایس ایس پی نے کہا کہ ان تین افراد سے تفتیش کے دوران کیے گئے انکشاف پر پولیس فوج کی 21 آر آر اور سی آر پی ایف کی 92 بٹالین نے دوسرا کارڈن ڈالا جس میں البدر نامی ملی ٹنٹ تنظیم سے وابستہ دو ملی ٹنٹﷺں کو گرفتار کیا گیا، جنہوں نے حال ہی میں اس تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔

گرفتار شدگان کی شناخت سلیم یوسف راتھر ولد محمد یوسف راتھر اور اخلاق احمد شیخ ولد امتیاز احمد شیخ ساکنان وترگام کے بطور ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار شدگان سے ایک پستول اور کچھ میگزین اور گولیاں بر آمد کی گئیں۔ گرفتار شدگان کو پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا اور بر آمد شدہ ہتھیاروں کی نمائش بھی کی گئی۔


قبل ازیں ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے فوج کی 32 آر آر اور سی آر پی ایف کی 92 بٹالین کی ایک ٹیم کے ساتھ بارہمولہ- ہندوارہ شاہراہ پر کچلو کراسنگ کے نزدیک ناکہ لگایا۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران تین ملی ٹنٹ اعانت کاروں اور بعد میں البدر سے وابستہ دو ملی ٹنٹوں کو گرفتار کیا گیا۔ موصوف پولیس افسر نے بتایا کہ گرفتار شدگان نے حال ہی میں ملی ٹنٹوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ سیکورٹی فورسز، سر پنچوں اور پنچوں پر حملے کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔