وادی کشمیر: بارہمولہ میں آتشزدگی، 3 رہائشی مکان اور ایک گاؤ خانہ خاکستر، 16 مویشی ہلاک

شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے قصبہ اوڑی کے دچھی علاقے میں جمعرات کی علی الصبح آگ کی ایک بھیانک واردات میں تین رہائشی مکان اور ایک گاؤ خانہ خاکستر جبکہ زائد از ایک درجن مویشی ہلاک ہو گئے

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر</p></div>

علامتی تصویر

user

یو این آئی

سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے قصبہ اوڑی کے دچھی علاقے میں جمعرات کی علی الصبح آگ کی ایک بھیانک واردات میں تین رہائشی مکان اور ایک گاؤ خانہ خاکستر جبکہ زائد از ایک درجن مویشی ہلاک ہو گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ اوڑی کے دور افتادہ علاقہ دچھی میں جمعرات کی علی الصبح قریب ساڑھے پانچ بجے آگ کی ایک واردات میں تین رہائشی مکان، ایک گاؤ خانہ خاکستر ہو گئے جبکہ کم سے کم 16 مویشی ہلاک ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والے مویشیوں میں 4 گائے، 4 بھیڑ اور 8 بکریاں شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فائر ٹنڈرس نے جائے واردات پر پہنچ کر آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔


محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واردات میں کسی انسانی جان کا کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔ دریں اثنا، اس سلسلے میں ایک کیس درج کر کے کارروائی شروع کی گئی ہے۔

قبل ازیں سری نگر کے گنجان آبادی والے علاقے چنکرال محلہ حبہ کدل میں بدھ کی رات دیر گئے آتشزدگی کی واردات میں دو رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا تھا۔ وادی میں خشک موسمی صورتحال کے بیچ آگ کی وارداتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔