کشمیر: موسم مسلسل خوشگوار، لوگوں کو راحت

وادی کشمیر میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں بتدریج بہتری واقع ہونے سے لوگوں کو راحت محسوس ہو رہی ہے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں بتدریج بہتری واقع ہونے سے لوگوں کو راحت محسوس ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے ایک ہفتے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ وادی میں آنے والے دنوں کے دوران درجہ حرارت میں مزید بہتری متوقع ہے۔ ادھر جموں میں جمعے کی صبح گہری دھند کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئے۔ متعلقہ محکمہ کے ایک ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

بتادیں کہ سری نگر میں 31 جنوری کی شب رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جس سے سردیوں کو تیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔ قبل ازیں سری نگر میں رواں سیزن کے دوران 14 جنوری کو سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا اور سردیوں کا پچیس سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔


وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ پوا ہوا ہے۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.3 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 13.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 20.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

دریں اثنا وادی میں جمعے کے روز بھی موسم خوشگوار رہا اور لوگوں کو دکانوں کے تھڑوں اور پبلک پارکوں میں ہلکی اور خوش کن دھوپ سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔ وادی میں ریکارڈ ساز سردیوں کے بعد میں موسم میں بہتری واقع ہونے سے جہاں بازار صبح سویرے سے کھلنے لگے ہیں وہیں بازاروں میں لوگوں کی چہل پہل میں بھی روز افزوں اضافہ درج ہو رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔