کشمیر: بانڈی پورہ میں ایل او سی پر گولہ باری، 15 رہائشی مکانات خاکستر

خبروں کے مطابق ایک شل رہائشی مکان پر گر گیا جس کے نتیجے میں اسے آگ لگی۔ اس سے پہلے کہ آگ پر قابو پایا جاتا کہ کم از کم 15 رہائشی مکانات اس کی زد میں آچکے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے سرحدی قصبہ گریز میں لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں سرحد کے اس پار 15 رہائشی مکانات جل کر خاکستر ہوگئے ہیں۔

سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ گریز سیکٹر کے بگرنگ علاقہ میں گزشتہ رات پاکستانی افواج کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک رہائشی مکان میں آگ لگ گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کہ آگ کی شعلوں پر قابو پایا جاتا کم از کم 15 رہائشی مکانات خاکستر ہوچکے تھے۔


ذرائع نے بتایا کہ متاثرہ کنبوں کو محفوظ جگہوں پر منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا 'ایک شل رہائشی مکان پر گر گیا جس کے نتیجے میں اسے آگ لگی۔ اس سے پہلے کہ آگ پر قابو پایا جاتا کم از کم 15 رہائشی مکانات اس کی زد میں آچکے تھے'۔

مقامی لوگوں نے سرحدی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرحد کے دونوں طرف عام شہریوں کا جانی و مالی نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'دونوں ملکوں کو مذاکرات کے ذریعے مسئلے حل کرنے چاہیے۔ سرحدی کشیدگی کا خمیازہ ہم جیسے غریبوں کو بھگتنا پڑتا ہے'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔