جموں و کشمیر کو جیل خانہ بنانے سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا: محبوبہ مفتی

محبوبہ نے کہا، ’’پابندیاں عاید کرنے اور جموں کشمیر کو جیل خانہ بنانے سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا، مسئلہ کشمیر ایک خیال ہے اور اس کو ایک خیال کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بارہمولہ: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں کشمیر کو جیل خانہ بنانے سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پابندیوں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، پابندیاں عاید کرنے اور جموں کشمیر کو جیل خانہ بنانے سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک خیال ہے اور اس کو ایک خیال کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔

پاکستان کے ساتھ بات چیت شروع کرنے کی پُر زور وکالت کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ حریت کے ساتھ بات چیت تب تک نہیں ہوسکتی جب تک پاکستان کے ساتھ تعلقات ٹھیک نہیں ہوں گے۔ جب پاکستان کے ساتھ تعلقات ٹھیک ہوں گے تو پھر حریت کے ساتھ بات چیت ہوسکتی ہے۔

محبوبہ مفتی نے باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں خواجہ باغ علاقہ میں بارہمولہ پارلیمانی نشست کے پارٹی امیدوار قیوم وانی کے حق میں منعقدہ ایک انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔

سابق وزیر اعلیٰ نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کے حوالے سے کہا 'عمر عبداللہ اور ڈاکٹر فاروق نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرکے پوٹا لایا اور وزارت کے حصول کے لئے سات بجلی پروجیکٹ مرکز کے حوالے کردیے لیکن اس کے برعکس جب ہم نے بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملایا تو ہم نے وزارت کے بجائے دفعہ 370، دفعہ 35 اے کے ساتھ چھیڑ خوانی نہ کرنے، افسپا ہٹانے، عام آبادی والی بستیوں سے فوج ہٹانے، پاورپروجیکٹوں کو واپس لانے کے معاہدوں کے تحت ان کے ساتھ اتحاد کیا'۔ انہوں نے کہا کہ وادی کے موجودہ حالات کا تدارک فقط پی ڈی پی کے ایجنڈے میں مضمر ہے۔

شاردا پیٹھ کھولنے کو مرحوم مفتی سعید کا فارمولہ قرار دیتے ہوئے محبوبہ نے کہا ’’اگر یہاں کوئی جماعت ہے جو کشمیریوں کو زندہ رکھے گی اور ان کی عزت کی حفاظت کرے گی تو وہ پی ڈی پی ہے۔‘‘ جلسے کے اختتام پر نامہ نگاروں کو محبوبہ نے بتایا کہ این آئی اے کو عمر عبداللہ نے سال 2009 میں یہاں لایا جب ان کا کانگریس کے ساتھ اتحاد تھا۔ انہوں نے کہا کہ این آئی اے اور پوٹا نیشنل کانفرنس کی ہی دین ہے۔

پاکستانی حکومت کی طرف سے شاردا پیٹھ کھولنے کے اقدام کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا 'ہم چاہتے ہیں کہ ہماری پنڈت برادری کے لوگ وہاں جائیں اور اپنے تیرتھ استھان کی پوجا کریں اس کے علاوہ اور بھی راستے کھلنے چاہئے'۔ محبوبہ نے مزید کہا کہ پی ڈی پی کی طرف سے جموں کی دو سیٹوں پر امیدوار کھڑا نہ کرنے کا مقصد سیکولر طاقتوں کو مضبوط کرنا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Mar 2019, 11:10 PM