کشمیر: باغ گل لالہ کے نظاروں سے لوگ امسال محروم

کورنا وائرس کے پیش نظر دنیا بھر میں جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے اس بار باغ گل لالہ کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہونا کسی کے نصیب میں ممکن نہ ہو سکا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں اور دل پذیر زبرون پہاڑیوں کے دامن میں واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ میں نوع بہ نوع اقسام کے 13 لاکھ پھول تو کھل گئے ہیں لیکن کورنا وائرس کے پیش نظر دنیا بھر میں جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے اس باغ کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہونا کسی کے نصیب میں ممکن نہ ہو سکا۔

سال 2008 میں لوگوں کے لئے وقف کئے جانے والے زائد از 30 ایکڑ اراضی پر پھیلا یہ باغ گل لالہ امسال پہلی بار سیاحوں کے لئے بند رہا چہ جائیکہ متعلقہ حکام نے سیاحوں کے لئے حسب معمول تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دے دی تھی۔ باغ گل لالہ، جس سے لطف اندوز ہونے کے لئے ہر سال دنیا کے گوشہ وکنار سے ہزاروں کی تعداد میں سیاح آتے تھے، سنسان ہے اور اس میں داخل ہونے کے تمام دروازے مقفل ہیں۔


ادھر شعبہ سیاحت سے وابستہ لوگ امیدیں باندھے ہوئے تھے کہ باغ گل لالہ کھلنے کے ساتھ ان کا سال گذشتہ کے پانچ اگست سے ٹھپ پڑا کاروبار بھی بحال ہوگا لیکن کورونا وائرس نے ان کی امیدوں پر بھی پانی پھیر دیا ہے۔ کئی مشہور ٹریول ایجنسیوں نے ٹلپ فیسٹیول میں حصہ لینے والے سیاحوں کے لئے بکنگس شروع کی تھیں لیکن وائرس پھوٹنے سے انہیں وہ تمام بکنگس منسوخ کرنا پڑیں۔

متعلقہ محکمہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ امسال باغ گل لالہ میں مخلتف نئے اقسام کے ایک لاکھ اضافی پھول لگائے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ باغ گل لالہ کھلنے سے شعبہ سیاحت کی جان میں نئی جان آنے کی توقع تھی لیکن وائرس کے باعث ایسا کچھ بھی نہیں ہوسکا۔
ملک کی راجدھانی دلی سے تعلق رکھنے والی کانیکہ مہتا نے یو این آئی کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ وائرس کی وجہ سے مجھے بکنگ منسوخ کرنا پڑی۔


انہوں نے کہا: 'میں نے ٹلپ گارڈن کی سیر کے لئے پیشگی بکنگ کر رکھی تھی لیکن وائرس کی وجہ سے مجھے وہ منسوخ کرنا پڑی، میں نے دوستوں سے اس باغ کی خوبصورتی کے بارے میں کافی کچھ سنا ہے لیکن اب دوسرے سال تک انتظار کرنا پڑے گا'۔ باغ گل لالہ بالی ووڈ فلم سازوں کے لئے بھی محبوب مقام ہے جس کے پیش نظر گذشتہ ایک دہائی کے دوران یہاں کئی فلموں کی شوٹنگ کی گئی۔
قابل ذکر ہے کہ پہلے سراج باغ کے نام سے مشہور اندرا گاندھی میموریل ٹلپ گارڈن کو سال 2008 میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد نے قوم کے نام وقف کیا تھا۔ باغ گل لالہ کے قیام کا بنیادی مقصد وادی میں شعبہ سیاحت کو مزید فروغ دینا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔