کشمیر: بینک منیجر قتل کے چند گھنٹے بعد ملی ٹینٹوں کے ذریعے ایک اور 'ٹارگٹ کلنگ'، غیر مقامی مزدور ہلاک

غیر مقامی بینک منیجر کے قتل کے کچھ گھنٹوں بعد ہی ملی ٹینٹوں نے ایک اور واردات انجام دیتے ہوئے وسطی ضلع بڈگام کے ماگرے پورہ چاڈورہ میں ایک مزدور کو ہلاک کر دیا، جبکہ دوسرے کو زخمی کر دیا

وادی میں ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاج / یو این آئی
وادی میں ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاج / یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

سری نگر: جموں وکشمیر کے کولگام میں ایک غیر مقامی بینک منیجر کے قتل کے کچھ گھنٹوں بعد ہی ملی ٹینٹوں نے ایک اور واردات انجام دیتے ہوئے وسطی ضلع بڈگام کے ماگرے پورہ چاڈورہ علاقے میں ایک مزدور کو ہلاک کر دیا، جبکہ دوسرے مزدور کو زخمی کر دیا۔ گزشتہ شام انجام دی گئی اس واردات میں 2 غیر مقامی مزدوروں پر نزدیک سے گولیاں چلائی گئیں، جس کے نتیجے میں دونوں شدید طور پر زخمی ہوئے اور بعد میں ایک کی صدر اسپتال سری نگر میں موت واقع ہو گئی۔

یو این آئی اردو نے سرکاری ذرائع کے حولہ سے خبر دی کہ جمعرات دیر شام ماگرے پورہ چاڈورہ میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے دو غیر مقامی مزدوروں پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دونوں شدید طورپر زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمیوں کو پبلک ہیلتھ سینٹر منتقل کیا جہاں ابتدائی مرہم پٹی کے بعد دونوں کو صدر اسپتال سری نگر منتقل کیا گیا تاہم ایک مزدور زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔


متوفی کی شناخت دلخش ساکن بہار کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ زخمی کی پہچان گوریا ساکن پنجاب کے بطور کی گئی۔ دریں اثنا سوادی کشمیر میں ٹارگیٹ کلنگ کے پے درپے واقعات رونما ہونے کے بعد پوری وادی میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔یکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ جمعرات کی صبح کو کولگام میں بھی ایک غیر مقامی بینک منیجر ملی ٹینٹوں کے ہاتھوں مار ا گیا۔ مقتول کی شناخت وجے کمار ساکن ہنومان گڑھ، راجستھان کے بطور کی گئی ہے۔ وادی کشمیر میں ٹارگیٹ کلنگ کے پے درپے واقعات رونما ہونے کے بعد پوری وادی میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔