کشمیر: بارہمولہ میں ’جیش محمد‘ کا ایک ملی ٹینٹ گرفتار، اسلحہ بھی بر آمد

گرفتار ملی ٹنٹ کی شناخت بشیر احمد بیگ کے بطور ہوئی ہے۔ ایس ایس پی بارہمولہ عبدالقیوم نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار شدہ ملی ٹنٹ نے حال ہی میں ملی ٹنٹوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔

کشمیر میں تصادم کی فائل تصویر
کشمیر میں تصادم کی فائل تصویر
user

یو این آئی

سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں سیکورٹی فورسز نے شبانہ چھاپے کے دوران جیش محمد نامی ملی ٹنٹ تنظیم سے وابستہ ایک مقامی ملی ٹنٹ کو گرفتار کیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق فوج کی 52 آر آر، 161 ٹیریٹوریل آرمی، 176 بٹالین سی آر پی ایف اور جموں و کمشییر پولیس کے اہلکاروں پر مشتمل ایک مشرکہ ٹیم نے ضلع بارہمولہ کے شملرن چندوسہ گاؤں میں بدھ کی شام ایک چھاپے کے دوران جیش محمد نامی ملی ٹنٹ تنظیم سے وابستہ ایک مقامی ملی ٹنٹ کو گرفتار کیا۔

گرفتار ملی ٹنٹ کی شناخت بشیر احمد بیگ ولد غلام محی الدین بیگ ساکن شیر پورہ کنڈی کریری کے بطور ہوئی ہے۔ ایس ایس پی بارہمولہ عبدالقیوم نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار شدہ ملی ٹنٹ نے حال ہی میں ملی ٹنٹوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔


انہوں نے کہا کہ 'ہمیں اطلاع ملی تھی کہ حال ہی میں ملی ٹنٹوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کرنے والا شخص بشیر احمد بیگ شملرن چندوسہ میں موجود ہے۔ اطلاع ملتے ہی ہم نے شملرن اور ملحقہ دیہات کو محاصرے میں لیا۔ ہم نے تلاشی آپریشن کے دوران بشیر احمد کو بھاگتے ہوئے دیکھا جس کا پیچھا کیا گیا اور اس کو پکڑا گیا'۔

ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ملی ٹنٹ کے کہنے پر سیکورٹی فورسز اہلکاروں نے کریری میں بدھ کی رات گئے چھاپوں کے دوران ایک اے کے 47 رائفل، دو میگزین اور گولیوں کے چالیس راؤنڈ بر آمد کیے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رواں کی 2 تاریخ کو ہی متذکرہ ملی ٹنٹ تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔