کشمیر: خشک موسم کے بیچ سردی کی لہر تیز، گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ درج

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

سری نگر: وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ درجہ حرارت میں بتدریج گراوٹ درج ہو رہی ہے جس سے لوگ شدید سردی محسوس کر رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے ک امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی کے بالائی علاقوں میں 13 اور14 نومبر کو کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارش ہوسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں مزید کمی درج ہوئی ہے اور سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ شب کے درجہ حرارت سے 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت منفی 3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔


وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.8 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ شب کے درجہ حرارت سے 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔

لداخ یونین ٹریٹری کے قصبہ دراس جو سائبیریا کے بعد دنیا کا دوسرا سرد ترین علاقہ ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ضلع لیہہ میں منفی 8.3 ڈگری سینٹی گریڈ اور ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ دریں اثنا وادی میں ہفتے کی صبح سے ہی موسم خشک رہا اور ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔