کشمیر: شبانہ درجہ حرارت میں مزید کمی واقع، پہلگام سرد ترین جگہ

ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں 10 نومبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں بتدریج کمی واقع ہونے سے سردی زور پکڑ رہی ہے جس سے لوگوں کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں 10 نومبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وادی کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام سرد ترین جگہیں رہیں جہاں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا گیا۔ گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 1.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے جانے والے قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 1.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ دریں اثنا وادی میں بدھ کے روز بھی موسم خشک رہا اور ہلکی دھوپ چھائی رہی جس سے لوگوں کو لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔


دیہات میں کسانوں کو اپنے اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں مختلف قسم کے کاموں کے ساتھ مصروف دیکھا گیا۔ وادی میں ماہ گزشتہ کی 23 اور 24 تاریخ کو ہونے والی برف باری اور بارشوں سے سرما سے پہلے ہی سرما جیسی سردی محسوس کی جا رہی ہے جس کا مقابلہ کرنے کے لئے لوگوں نے روایتی لباس ’پھیرن‘ اور کانگڑی کا استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔