جموں و کشمیر: پلوامہ تصادم میں دو بھگوڑے ایس پی او سمیت 4 ملی ٹینٹ ہلاک

جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے پنجرن لاسی پورہ میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کو ہونے والے ایک تصادم میں چار ملی ٹینٹ مارے گئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے پنجرن لاسی پورہ میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کو ہونے والے ایک تصادم میں چار ملی ٹینٹ مارے گئے۔ مہلوک ملی ٹینٹوں میں ریاستی پولس کے دو سپیشل پولس آفیسرس بھی شامل ہیں جو محض چوبیس گھنٹے قبل دو ہتھیاروں کے ساتھ روپوش ہوکر ملی ٹینٹوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کرچکے تھے۔

جموں وکشمیر پولس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا 'پلوامہ تصادم میں چار ملی ٹینٹ مارے گئے۔ وہ مبینہ طور پر جیش محمد سے وابستہ تھے۔ آپریشن اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے'۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے پنجرن لاسی پورہ میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج، ریاستی پولس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ میں گزشتہ شام کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔

انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران علاقہ میں موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز کو نشانہ بناکر فائرنگ کی۔ فورسز کی جوابی فائرنگ کے بعد طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی فائرنگ میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔ تاہم طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جمعہ کی صبح تک جاری رہا جس میں مزید تین ملی ٹینٹ مارے گئے۔

مہلوکین میں مبینہ طور پر دو ایس پی او بھی شامل ہیں جو جمعرات کی صبح ڈسٹرکٹ پولس لائنز پلوامہ سے اپنے سروس ہتھیاروں کے ساتھ لاپتہ ہوکر ملی ٹینٹوں کی صفوں میں شامل ہوگئے تھے۔ ان کی شناخت شبیر احمد ساکنہ تجن پلوامہ اور سلیمان احمد ساکنہ اٹھمولہ شوپیاں کے طور پر ہوئی ہے۔ تصادم میں مارے گئے دیگر دو ملی ٹینٹوں کی شناخت عاشق احمد ساکنہ پنجرن پلوامہ اور عمران احمد ساکنہ آری ہل پلوامہ کے طور پر کی گئی ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق تصادم کے مقام پر مقامی لوگوں کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔ مقامی لوگوں بالخصوص نوجوانوں نے فورسز پر پتھرائو کیا جنہوں نے ردعمل میں آنسو گیس کے گولے داغے۔ انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کردی ہیں۔ قبل ازیں جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں نامعلوم اسلحہ برداروں نے گزشتہ شام ٹریٹوریل آرمی سے وابستہ ایک اہلکار کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ ریاستی پولس نے اس ہلاکت کے لئے ملی ٹینٹوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

پولس کے ایک بیان میں کہا گیا 'ضلع اننت ناگ میں ملی ٹینٹوں نے جمعرات کی شام ٹریٹوریل آرمی سے وابستہ اہلکار جس کی شناخت منطور بیگ ساکنہ سڈورا اننت ناگ کے بطور ہوئی ہے پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوااگر چہ اُسے فوری طورپر علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیاتاہم وہ وہاں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ یہ واقعہ کیسے اور کن حالات میں رونما ہوا اس سلسلے میں جانچ پڑتال کی جارہی ہے'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Jun 2019, 9:34 AM
/* */