کرنی سینا کے کارکن گائے ذبح کرنے کے الزام میں گرفتار، باقیات کھیتوں میں پھینک کر تاوان وصول کرتے تھے

یوپی کے بریلی ضلع میں پولیس نے کرنی سینا کے 3 کارکنوں کو گائے ذبح کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ اس معاملے میں دو ملزمان مفرور ہیں، جنہیں پولیس تلاش کر رہی ہے

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

بریلی: یوپی کے ضلع بریلی میں پولیس نے انکاؤنٹر کے دوران تین گئو رکشکوں کو گائے ذبح کرتے ہوئے رنگے ہاتھ گرفتار کر لیا۔ جبکہ کرنی سینا کے ضلع صدر ٹھاکر راہل سنگھ اور ان کا ساتھی اس معاملے میں مفرور ہیں۔ نیو پورٹل ’اے بی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق، پولیس نے کرنی سینا کے شہر صدر سمیت 3 لوگوں کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے اور ٹھاکر راہل سنگھ کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔ اس معاملے میں سماج وادی پارٹی نے ایکس پر پوسٹ کر کے بھارتیہ جنتا پارٹی کو نشانہ بنایا ہے۔

پولیس کے ہاتھوں پکڑے گئے یہ تمام لوگ کرنی سینا کے رکن ہیں، جن کو پولیس نے انکاؤنٹر کے دوران گائے ذبح کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا۔ یہ گینگ مبینہ طور پر خود گائے ذبیحہ کرتا اور پھر دوسرے لوگوں کو پھنسا کر ان کے خلاف مقدمات درج کراتا، پھر ان سے تاوان وصول کرتا تھا۔ رپورٹ کے مطابق بی جے پی کی حمایت یافتہ کرنی سینا کا ضلع صدر ٹھاکر راہل سنگھ اپنے ساتھیوں کے ساتھ گائے ذبح کرواتا تھا۔


رپورٹ کے مطابق، پولیس نے کرنی سینا کے شہر صدر گورکشا دیویندر سنگھ، اکرم اور نام نہاد صحافی سعید خان کو موقع سے گرفتار کر کے جیل بھیج دیا۔ مرکزی ملزم کرنی سینا کے ضلع صدر ٹھاکر راہل سنگھ اور اس کا ساتھی چاند عرف اجے مفرور ہیں، پولیس ان کی تلاش کر رہی ہے۔ ڈی ایس پی نتن کمار نے بتایا کہ بھوجی پورہ پولیس کو ایک مخبر کے ذریعے اطلاع ملی تھی کہ کچھ لوگ دیورنیا ندی کے قریب گائے کو ذبح کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مقابلے کے دوران تین اسمگلروں کو مویشیوں کی باقیات سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران تینوں نے بتایا کہ ان کے ساتھ کرنی سینا کے ضلع صدر ٹھاکر راہل سنگھ اور سی بی گنج تھانہ علاقہ کے رہنے والے چاند عرف اجے بھی اس میں ملوث ہیں۔ پولیس نے تینوں اسمگلروں کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ باقی دو ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔


ڈی ایس پی نتن کمار نے بتایا کہ ان لوگوں نے سازش کی تھی کہ عثمان نامی کسان نے اپنی ڈھائی کروڑ روپے کی زمین بیچ دی ہے۔ اسے پھنسانے کے لیے یہ لوگ گائے ذبح کر رہے تھے۔ تینوں گایوں کو ذبح کرنے کے بعد وہ گائے اپنے کھیت میں ڈال کر عثمان سے تاوان وصول کرنے جا رہے تھے لیکن اس سے پہلے ہی پولیس نے ان کی منصوبہ بندی کو خاک میں ملا دیا۔ اس واقعہ کے بعد کرنی سینا نے دعویٰ کیا ہے کہ ضلع صدر ٹھاکر راہل سنگھ اور شہر صدر دیویندر سنگھ کو تنظیم سے برطرف کر دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔