کرناٹک: اسپتال انتظامیہ کے داخل کرنے سے انکار کے بعد خاتون نے گھر پر دیا جڑواں بچوں کو جنم، تینوں کی موت

خاتون کو آٹو کے ذریعے سرکاری ضلع اسپتال لے جایا گیا لیکن اسپتال کے عہدیداروں اور عملے نے آدھار اور ’مدر کارڈ‘ نہ ہونے کی وجہ سے اسے داخل کرنے سے انکار کر دیا

لاش، علامتی تصویر آئی اے این ایس
لاش، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بنگلورو: کرناٹک کے تمکورو میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ضلع ہسپتال کے عہدیداروں نے خاتون کو ڈلیوری کے لیے داخل کرنے سے انکار کر دیا۔ جس کے بعد اس خاتون نے گھر میں جڑواں بچوں کو جنم دیا۔ اس واقعے میں ماں سمیت نوزائیدہ جڑواں بچوں کی موت ہو گئی۔ تمل ناڈو سے تعلق رکھنے والی 30 سالہ کستوری اور اس کے دو نومولود بچوں کی موت تمکورو شہر کے بھارتی نگر علاقے میں واقع اس کی رہائش گاہ پر ہوئی۔

مقامی لوگوں نے ہسپتال کی بے حسی کے خلاف احتجاج کیا اور متعلقہ ڈاکٹروں اور عملے کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا۔ خاتون کے اہل خانہ اور رشتہ داروں نے بھی ملزمان کے خلاف کارروائی تک لاش کی آخری رسومات ادا کرنے سے انکار کر دیا۔ مقامی لوگوں کے مطابق کستوری تمل ناڈو سے آئی تھی اور اپنی بیٹی کے ساتھ کرائے کے مکان میں رہ رہی تھی۔ حاملہ کستوری کو بدھ کی شام زچگی کا درد ہوا تھا۔


خاتون کو آٹو کے ذریعے سرکاری ضلع اسپتال لے جایا گیا لیکن اسپتال کے عہدیداروں اور عملے نے آدھار اور ’مدر کارڈ‘ نہ ہونے کی وجہ سے اسے داخل کرنے سے انکار کر دیا۔ ڈاکٹروں نے اس کا علاج کرنے سے انکار کرتے ہوئے اسے بنگلورو کے وکٹوریہ اسپتال لے جانے کی صلاح دی۔ چونکہ اس کے پاس بنگلورو جانے کے لیے پیسے نہیں تھے، اس لیے کستوری گھر واپس لوٹ گئی۔ اس نے جمعرات کو جڑواں لڑکوں کو جنم دیا لیکن زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے اس کی موت ہو گئی۔ ماں کی موت کے بعد جڑواں بچے بھی فوت ہو گئے۔

لوگوں نے سرکاری اسپتال کے ڈاکٹروں کو موت کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ قصورواروں کے خلاف کارروائی کا یقین دلاتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر منجوناتھ نے کہا کہ آدھار اور مدر کارڈ ڈیلیوری کے لیے مریضوں کو داخل کرنے کے لیے لازمی نہیں ہے۔

اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مزری کی وزیر شاہی کالا جولے نے واقعہ کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ اس معاملے کی مکمل جانچ ہونی چاہیے۔ تحقیقات کے بعد معلوم چلے گا کہ اس واقعہ کا ذمہ دار کون ہے اور مجرموں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ، میں اس سلسلے میں وزیر صحت سے بات کروں گی۔ تمکورو شہر کی این ای پی ایس پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */