کرناٹک فلور ٹیسٹ: اسمبلی کی کارروائی جمعہ 11 بجے تک ملتوی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

18 Jul 2019, 6:53 PM

اسمبلی کی کارروائی جمعہ 11 بجے تک ملتوی

کرناٹک اسمبلی کی کارروائی کل 11 صبح بجے تک کے لئے ملتوی کر دی گئی ہے، اس کا مطلب ہے کہ آج فلور ٹیسٹ نہیں ہوگا۔ وہیں کرناٹک بی جے پی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ یدی یورپا نے کہا ہے کہ بی جے پی کے تمام ارکان اسمبلی ایوان میں ہی سوئیں گے اور جب تک فلور ٹیسٹ مکمل نہیں ہو جاتا وہ ایوان میں ہی موجود رہیں گے۔

18 Jul 2019, 4:57 PM

بی جے پی نمائندہ وفد نے گورنر سے کی ملاقات

بی جے پی کا ایک نمائندہ وفد آج کرناٹک کے گورنر سے ملا اور ان سے اپیل کی کہ فلور ٹیسٹ جلد کرانے کی ہدایت وہ اسمبلی اسپیکر کو دیں۔ بی جے پی کا کہنا ہے کہ کانگریس-جے ڈی ایس حکومت قصداً فلور ٹسٹ میں تاخیر کر رہی ہے اور وہ چاہتی ہے کہ یہ فلور ٹسٹ ٹل جائے۔

18 Jul 2019, 4:23 PM

کانگریس کی شکایت پر اسپیکر نے لیا نوٹس، شری منت پاٹل پر مانگی تفصیلی رپورٹ

کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر نے کانگریس کی شکایت پر توجہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’تصویر میں رکن اسمبلی شری منت پاٹل جس طرح سے نظر آ رہے ہیں وہ قدرتی نہیں معلوم پڑ رہا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’مجھے جمعہ تک تفصیلی رپورٹ دی جائے۔ اگر وزیر داخلہ سیکورٹی یقینی نہیں کر سکتے تو میں ڈی جی پی سے بات کروں گا۔‘‘ اس درمیان کرناٹک کے اسپیکر کے آر رمیش کمار نے تحریک اعتماد پر چل رہی بحث کو 4.30 بجے تک کے لیے ملتوی کر دیا۔


18 Jul 2019, 3:55 PM

شیو کمار نے اسپیکر کو دکھائی اسٹریچر پر لیٹے کانگریس رکن اسمبلی کی تصویر، کیا سیکورٹی کا مطالبہ

کرناٹک اسمبلی میں تحریک اعتماد پر بحث کے دوران کانگریس لیڈر ڈی کے شیو کمار نے کہا کہ جو رکن اسمبلی اسپتال میں ہے وہ بدھ کی شام تک ان کے ہی ساتھ تھے۔ ایسے میں بی جے پی انھیں قصداً دور کر رہی ہے اور ڈرامہ کروا رہی ہے۔ شیو کمار نے ایوان میں کہا کہ ’’8 رکن اسمبلی ایک ساتھ نکلے تھے، ان میں سے ایک (شری منت پاٹل) کی تصویر میرے ہاتھ میں ہے جو اسٹریچر پر لیٹے ہوئے ہیں۔ یہ لوگ کہاں ہیں۔ میں کانگریس اراکین اسمبلی کی سیکورٹی کا مطالبہ کرتا ہوں۔‘‘ اس تصویر کو دکھائے جانے کے بعد اسمبلی میں ایک ہنگامہ سا برپا ہو گیا۔

18 Jul 2019, 3:01 PM

فی الحال فلور ٹیسٹ کرنا مناسب نہیں: سدارمیا

کانگریس لیڈر سدارمیا نے اسمبلی کی کارروائی ملتوی ہونے سے قبل تحریک اعتماد پر بحث کے دوران اپنی تقریر میں کہا کہ ’’جب تک ہمیں سپریم کورٹ کے پچھلے حکم پر وضاحت نہیں مل جاتی، اس وقت تک اس سیشن میں فلور ٹیسٹ کرنا مناسب نہیں ہے۔‘‘ ایسے ماحول میں فلور ٹیسٹ کرائے جانے کو سدارمیا نے آئین کے خلاف بتایا۔


18 Jul 2019, 1:34 PM

اسمبلی میں ایسے اراکین بھی موجود ہیں جو ایک دن میں تین تین پارٹیاں بدل رہے ہیں:سدارمیا

کانگریس لیڈر سدارمیا نے کرناٹک اسمبلی میں تحریک اعتماد کے دوران بحث میں اپنی تقریر کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ ہو رہا ہے اس کا ملک کے سیاسی ماحول پر منفی اثر پڑ رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہاں ایسے ایم ایل اے بھی موجود ہیں جو ایک ہی دن میں تین تین پارٹیاں بدل رہے ہیں۔ اس طرح کی حرکتوں سے ملک کا سیاسی ماحول پراگندہ ہو رہا ہے۔

اس درمیان کانگریس لیڈر ڈی کے شیو کمار نے اپنی تقریر کے دوران سابق وزیر اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر بی ایس یدی یورپا پر ملک کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا اور ساتھ ہی کہا کہ وہ عدالت کو بھی گمراہ کر رہے ہیں۔ تحریک اعتماد پر بحث کے دوران بی جے پی اورکانگریس اراکین اسمبلی کے درمیان کافی نوک جھونک بھی ہوئی۔ اس وقت اسمبلی کی کارروائی لنچ تک کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔ اب تحریک اعتماد پر بحث 3 بجے کے بعد شروع ہوگی۔

18 Jul 2019, 12:56 PM

19 اراکین اسمبلی غیر حاضر، فلور ٹیسٹ ہوا تو بڑھ سکتی ہیں کماراسوامی کی مشکلیں

کرناٹک میں فلور ٹیسٹ جاری ہے اور اس درمیان خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ 19 اراکین آج اسمبلی نہیں پہنچے ہیں۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ اگر آج تحریک اعتماد پر ووٹنگ ہوتی ہے تو کماراسوامی حکومت کے لیے مشکلیں بڑھ سکتی ہیں۔ بی جے پی آج ہی ووٹنگ کرائے جانے کا مطالبہ پہلے ہی کر چکی ہے۔

جو اراکیین اسمبلی آج غیر حاضر ہیں ان کے نام اس طرح ہیں... بیارتھی بساوراج، منی رتنا، ایس ٹی سوماشیکر، رمیش جرکی ہولی، روشن بیگ، سری منت پاٹل، آنند سنگھ، بی ناگیندر، آر شنکر، کے گوپالیا، نارائن گوڈا، ایم ٹی بی ناگ راج، بی سی پاٹل، ایچ وشوناتھ، مہیش کمتھا ہلی، پرتاپ گوڈا پاٹل، ڈاکٹر سدھاکر، شیورام ہیبّر، این مہیش۔


18 Jul 2019, 12:10 PM

کانگریس لیڈر ڈی شیوکمار اور بی جے پی اراکین اسمبلی کے درمیان تلخ کلامی

کرناٹک اسمبلی میں اس وقت تحریک اعتماد پر بحث چل رہی ہے اور اس درمیان بی جے پی و کانگریس کے اراکین اسمبلی کے درمیان تلخ کلامی شروع ہو گئی ہے۔ کانگریس کی جانب سے جب سدارمیا بول رہے تھے تو بی جے پی اراکین اسمبلی نے ان کی مخالفت کی۔ اس مخالفت کو دیکھ کر کانگریس لیڈر ڈی کے شیوکمار کھڑے ہو گئے اور بی جے پی اراکین اسمبلی کو ڈانٹنے لگے۔

18 Jul 2019, 11:54 AM

اسمبلی میں تحریک اعتماد پر بحث کے دوران ہنگامہ

کرناٹک اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کماراسوامی نے تحریک اعتماد پر بحث کے دوران بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ اس کے اراکین اسمبلی بہت جلدی میں دکھائی دے رہے ہیں اور وہ ریاستی حکومت کو گرانے پر آمادہ ہیں۔ اس بحث کے دوران بی جے پی اور کانگریس کے اراکین اسمبلی کے درمیان زبردست کہا سنی شروع ہو گئی اور اسمبلی میں زبردست ہنگامہ کا ماحول بن گیا ہے۔


18 Jul 2019, 11:46 AM

فلور ٹیسٹ پر بحث شروع، کماراسوامی رکھ رہے اپنی بات

ریاستی اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کماراسوامی اپنی بات رکھ رہے ہیں۔ انھوں نے بی جے پی سے یہ سوال کیا ہے کہ آخر وہ حکومت گرانے کے لیے اس قدر جلدبازی کیوں دکھا رہی ہے۔ کماراسوامی نے کہا کہ ’’ہم عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور ان کے حق میں اچھا کام ہو رہا ہے۔ لیکن یہاں صرف حکومت گرانے کی کوشش ہی نہیں ہو رہی ہے بلکہ اسپیکر پر دباؤ بھی بنایا جا رہا ہے جو مناسب نہیں۔‘‘

18 Jul 2019, 11:30 AM

کماراسوامی نے پیش کیا اعتماد کا ووٹ، یدی یورپا نے کی ووٹنگ کی مانگ

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کماراسوامی نے اعتماد کے ووٹ کی تجویز اسمبلی میں پیش کر دی ہے۔ کماراسوامی کا کہنا ہے کہ کانگریس-جے ڈی ایس حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ بی جے پی لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ یدی یورپا نے اس تعلق سے ووٹنگ کا مطالبہ کیا ہے اور ساتھ ہی کہا ہے کہ ووٹنگ آج ہی ہو۔


18 Jul 2019, 11:04 AM

وزیر اعلیٰ کماراسوامی اسمبلی پہنچے، تھوڑی دیر میں شروع ہوگا فلور ٹیسٹ

فلور ٹیسٹ کے لیے وزیر اعلیٰ کماراسوامی اسمبلی پہنچ کے ہیں اور کانگریس و جے ڈی ایس کے بھی کئی اراکین اسمبلی ایوان میں موجود ہیں۔ بی جے پی کے اراکین اسمبلی بھی دو بسوں میں سوار ہو کر اسمبلی پہنچے ہیں۔ تھوڑی ہی دیر میں فلور ٹیسٹ شروع ہوگا۔ اس درمیان خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ کانگریس کے ناراض اراکین اسمبلی ممبئی کے ہوٹل میں ہی ہیں اور وہ کرناٹک نہیں پہنچے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی بغاوت جاری ہے اور وہ کانگریس کے ساتھ کھڑے نہیں ہیں۔

18 Jul 2019, 10:24 AM

ریسارٹ سے تھوڑی دیر میں اسمبلی کے لیے روانہ ہوں گے کانگریس اراکین اسمبلی

کرناٹک اسمبلی میں آج فلور ٹیسٹ ہونا ہے۔ وقت 11 بجے طے کیا گیا ہے اور ایسے میں بنگلورو کے ریسورٹ میں ٹھہرے کانگریس کے اراکین اسمبلی تھوڑی دیر میں اسمبلی کے لیے روانہ ہوں گے۔ اس درمیان ریسورٹ سے کانگریس رکن اسمبلی وی منیپّا کے غائب ہونے کی جھوٹی خبر پھیلائی گئی تھی۔ منیپا نے ریسورٹ پہنچ کر بتایا کہ وہ کھانا کھانے کے لیے باہر گئے تھے اور یہ خبر غلط ہے کہ وہ کسی سیاسی وجہ سے گھر سے باہر نکلے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔