کرناٹک: کماراسوامی 21 کو کے بجائے 23 مئی کو حلف لیں گے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

20 May 2018, 8:32 AM

کرناٹک: کماراسوامی 21 کو کے بجائے 23 مئی کو حلف لیں گے

کماراسوامی کے حلف لینے کا دن تبدیل ہو گیا ہے اب وہ پیر 21 مئی کے بجائے بروز بدھ 23 مئی کو کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیں گے۔ کماراسوامی نے کہا، ’’ہم بدھ کے روز حلف لینے جا رہے ہیں کیوں کہ پیر کے روز راجیو گاندھی کی برسی ہے لہذا وہ ایک مناسب تاریخ نہیں تھی۔‘‘

19 May 2018, 9:47 PM

کماراسوامی کی حلف برداری تقریب میں سونیا گاندھی بھی مدعو

کانگریس-جے ڈی ایس اتحاد کی جانب سے وزیر اعلیٰ امیدوار کماراسوامی نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ اکھلیش یادو، ممتا بنرجی، چندر شیکھر راؤ، چندرا بابو نائیڈو اور مایاوتی نے انھیں مبارکباد پیش کی ہے اور سبھی علاقائی پارٹیوں کے لیڈران کو انھوں نے اپنی حلف برداری تقریب میں مدعو کیا ہے۔ ساتھ کماراسوامی نے یہ بھی کہا کہ انھوں نے ذاتی طور پر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کو بھی حلف برداری تقریب میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔

19 May 2018, 8:26 PM

کماراسوامی نے ایک بار پھر حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا

جے ڈی ایس لیڈر اور وزیر اعلیٰ کے دعویدار کماراسوامی نے راج بھون پہنچ کر ایک بار پھر گورنر سے ملاقات کی اور ان کے سامنے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا۔


19 May 2018, 8:19 PM

جے ڈی ایس-کانگریس ایک سیکولر اتحاد: سدارمیا

کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ سدارمیا کا کہنا ہے کہ مودی-شاہ کو احساس ہو گیا ہے کہ کرناٹک اسمبلی میں وہ مضبوط نہیں ہیں۔ جے ڈی ایس-کانگریس اتحاد ایک سیکولر اتحاد ہے جو ایک مضبوط اتحاد ہے۔

19 May 2018, 6:33 PM

جمہوریت کی روح کی استحصال پر جیت: راہل گاندھی

کرناٹک میں یدی یورپا کے استعفی کے بعد کانگریس میں جشن کا ماحول ہے۔ اسی بیچ کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کرکے اپنا اظہار خیال کیا۔ انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا، ’’آخر میں ہندوستان کی آواز اور جمہوریت کی روح کی استحصال پر ہمیشہ جیت ہوتی ہے۔‘‘


19 May 2018, 6:24 PM

کماراسوامی 21 مئی کو لیں گے حلف

کرناٹک میں کئی دنوں سے چل رہی کشمکش کے دور کا آخر کار اختتام ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ بی ایس یدی یورپا اکثریت ثابت کرنے میں ناکام رہے اور انہوں نے کرناٹک کے گورنر وجو بھائی والا کو استعفی سونپ دیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق اب جے ڈی ایس کے کماراسوامی حکومت سازی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وہ بروز پیر 21 مئی کو حلف لے کر کرناٹک کے وزیر اعلیٰ عہدے پر فائز ہو جائیں گے۔

ممتا بنرجی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے کماراواومی کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ ممتا بنرجی نے لکھا، ’’ابھی ابھی کماراسوامی جی سے بات ہوئی اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے پیر کو ہونے والی

کرناٹک: کماراسوامی 21 کو کے بجائے 23 مئی کو حلف لیں گے
19 May 2018, 6:17 PM

بی ایس یدی یورپا نے گورنر وجو بھائی والا کو استعفی سونپا

اکثریت کے لئے ضروری نمبر نہ جٹا پانے کے سبب بی ایس یدی یو رپا نے کرناٹک اسمبلی میں فلور ٹیسٹ سے قبل ہی گورنر وجو بھائی والا کو اپنا استعفی سونپ دیا۔


19 May 2018, 4:41 PM

کانگریس میں جشن کا ماحول

کرناٹک میں یدی یورپا کے وزیر اعلیٰ عہدے سے استعفی دینے کے بعد دہرادون میں جشن مناتے کانگریس کارکنان۔

دہلی میں کانگریس کارکنان جشن مناتے ہوئے

19 May 2018, 5:18 PM

حزب اختلاف کی جماعتوں کے بیانات کا سلسلہ

یہ بی جے پی کی بڑی ہار ہے: مایاوتی

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ یدی یورپا کے استعفی دینے پر مایاوتی نے اسے بی جے پی کی بڑی ہار قرار دیا ہے۔ مایاوتی نے آئینی اقدار کی بحالی کے لئے سپریم کورٹ کا شکریہ۔

مایاوتی نے مزید کہا، ’’یہ بی جے پی کے لئے ایک بڑا جھٹکا ہے اور میرا خیال ہے کہ وہ 2019 کے لئے جو بھی انہوں نے سوچا ہے وہ سب فیل ہو چکا ہے۔ اب انہیں دوبارہ سے سوچنا ہوگا اور دوبارہ سے حکمت عملی بنانی ہوگی۔‘‘

بی جے پی کو سبق مل گیا: اکھلیش یادو

سچ ہمیشہ جھوٹ اور جوٹے کو ہرا دیتا ہے: تیجسوی یادو


19 May 2018, 4:57 PM

ویڈیو: راہل گاندھی کی پریس کانفریس

راہل گاندھی اے آئی سی سی کے صدر دفتر میں میڈیا سے خطاب کیا۔

میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے کہا:

  • آج ملک کے عوام نے ٹی وی پر دیکھا کہ قومی ترانہ بجنے سے قبل ہی بی جے پی کے ارکان اسمبلی اٹھ کر چلے گئے۔ یہ ان کی عادت ہے کہ وہ ہندوستان کے کسی ادارے کی عزت نہیں کرتے۔
  • مجھے فخر ہے کہ کرناٹک کے عوام نے وزیر اعظم، بی جے پی کے صدر اور قتل کے ملزم امت شاہ کو دکھا دیا کہ وہ جمہوریت کو نہیں خرید سکتے۔
  • ہندوستان میں پیسہ ہی سب کچھ نہیں ہے۔ مجھے امید ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس نے کرناٹک سے سبق سیکھا ہوگا۔
  • میڈیا کے سامنے کھلے عام بی جے پی نے کانگریس اور جے ڈی ایس کے ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی۔
  • وزیر اعظم ہندوستان سے بڑے نہیں ہیں، نہ ہی وہ سپریم کورٹ سے بڑے ہیں۔
  • حزب اختلاف آپسی اتحاد سے بی جے پی کو ہرائے گا۔
  • ملک بھر میں لگاتار حملے ہو رہے ہیں۔ ہم بی جے پی اور آر ایس کو روکیں گے۔
  • ہم ملک اور کرناٹک کے عوام کی حفاظت کریں گے۔
تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
19 May 2018, 4:49 PM

گورنر ہاؤس سے دعوت کا انتظار ہے: کماراسوامی

کرناٹک میں بی ایس یدی یورپا اکثریت یا ہدف نہ ہونے کے سبب فلور ٹیسٹ سے قبل ہی گورنر کو اپنا استعفیٰ سونپ چکے ہیں۔ اس کے بعد جب صحافیوں نے جے ڈی ایس کے رہنما ایچ ڈی کماراسوامی سے سوال کیا کہ وہ وزیر اعلیٰ عہدے کا حلف کب لیں گے تو انہوں نے کہا، ’’میں ابھی تک گورنر ہاؤس سے دعوت دئے جانے کا انتظار کر رہا ہوں۔‘‘

کرناٹک: کماراسوامی 21 کو کے بجائے 23 مئی کو حلف لیں گے

19 May 2018, 4:31 PM

19 مئی، جمہوریت کی دوبارہ جیت کا دن: کانگریس

دریں اثنا کانگریس کے آفیشیل ٹوئٹر ہنڈل سے ایک ٹوئٹ کیا گیا ہے جس میں انہوں نے اسے جمہوریت کی جیت قرار دیا ہے۔ ٹوئٹ میں لکھا ہے، ’’19 مئی: جمہوریت کی دوبارہ جیت کا دن۔‘‘

ٹوئٹ میں مزید لکھا ہے، ’’کانگریس-جے ڈی ایس نے غیر آئینی بی جے پی سے اس بات کو یقینی بنانے کے لئے جنگ لڑی کہ آئینی اقدار کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔‘‘

ادھر راہل گاندھی کچھ ہی دیر میں اے آئی سی سی کے صدر دفتر سے میڈیا کو خطاب کرنے جا رہے ہیں۔

19 May 2018, 4:30 PM

ہم 104 کے مقابلہ میں 117 ہیں: غلام نبی آزاد

غلام نبی آزاد نے کہا، ’’کوئی نہیں ٹوٹا۔ ہم 104 کے مقابلہ میں کانگریس، جے ڈی ایس اور آزاد ارکان اسمبلی کو ملا کر 117 ہیں۔ گورنر نے بی جے پی کو ہماری پارٹی کو توڑنے کے لئے لمبا وقت دینے کی کوشش کی لیکن سپریم کورٹ نے دیکھا کہ بغیر کسی وجہ کے فلور ٹیسٹ نہیں کرایا گیا۔

آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو نے کہا، ’’ابھی یہ خبر آئے گی کہ بی ایس یدی یورپا نے کرناٹک کے وزیر اعلیٰ عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، کیا آپ سب خوش ہیں؟ وہ سبھی لوگ خوش ہیں جہیں جمہوریت پر یقین ہے۔


19 May 2018, 4:21 PM

کانگریس خیمہ میں جشن کا ماحول، 4.30 بجے راہل کی پریس کانگریس

کرناٹک میں 17 مئی کو وزیر اعلیٰ کا حلف لینے والے یدی یورپا نے اکثریت کا ہدف نہ ہونے کے سبب فلور ٹیسٹ سے قبل ہی اپنا استعفیٰ سونپ دیا ہے۔ اس کے بعد سے کانگریس اور جی ڈی ایس اتحاد میں جشن کا ماحول ہے۔ غلام نبی آزاد نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے دو ارکان اسمبلی کو بی جے پی نے اغوا کیا ہوا تھا لیکن جیسے ہی موقع ملا وہ اسمبلی میں آ گئے۔

ادھر دہلی میں کانگریس کے صدر راہل گاندھی 4.30 بجے پرینس کانفرنس کرنے جا رہے ہیں جس میں وہ صحافیوں سے خطاب کریں گے۔

19 May 2018, 4:06 PM

ڈھائی دن کے وزیر اعلیٰ یدی یورپا نے استعفی سونپا

یدی یورپا نے فلور ٹیسٹ سے قبل ہی جذباتی تقریر دینے کے بعد استعفی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے بعد کانگریس خیمہ میں جشن کا ماحول ہے۔ غلام نبی آزاد کو تمام ارکان اسمبلی ہاتھ ملا کر مبارکباد پیش کر رہے ہیں۔ کانگریس-جے ڈی ایس ارکان اسمبلی کے چہروں پر خوشی جھلک رہی ہے۔

استعفی سے قبل تقریر کے دوران یدی یورپا نے کہا، ’’کرناٹک کے کسان آنسو بہا رہے ہیں۔ تقریباً 3700 کسانوں نے خودکشی کی۔ جب تک زندہ رہوں گا کسانوں کے مفاد میں کام کرتا رہوں گا۔ میں کسانوں کو بچانا چاہتا ہوں۔ ہم نے موقع پر جاکر کسانوں کی مدد کی۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’پچھلی سرکار سے ناراض لوگوں نے ان کے حق میں ووٹ دیا۔ غریب کسانوں کو بہتر زندگی چاہئے۔ میں عوامی خدمات کے لئے اپنی زندگی وقت کر دینا چاہتا ہوں۔‘‘


19 May 2018, 3:35 PM

ویڈیو: کرناٹک اسمبلی سے براہ راست نشریات

کرناٹک میں فلور ٹیسٹ کا عمل شروع ہونے والا ہے۔ سپریم کورٹ نے شفافیت برقرار رکھنے کے للئے ایوان کی کارروائی کو براہ راست نشر کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔ اے این آئی کے فیس بک لائیو پر کاروائی کو دیکھا جا سکتا ہے:

فلور ٹیسٹ سے قبل یدی یورپا اسمبلی میں خطاب پیش کر رہے ہیں۔ امکان ظاہر کئے جارہے ہیں کہ یہ ان کا الودعی خطاب بھی ہو سکتا ہے۔

یدی یورپا کے خطاب کی خاص باتیں:

  • 3750 کسانوں نے خود کشی کی انہیں انصاف ملنا چاہئے۔
  • لوگوں نے ہمیں سراہا اور بڑے پیار سے ہمیں منتخب کیا۔
  • میرے پاس 104 ارکان اسمبلی ہیں۔
  • مینڈیٹ کانگریس اور بی جے پی کے خلاف گیا ہے۔
  • دونوں کا اتحاد موقع پرستی ہے، مینڈیٹ کے خلاف دونوں ایک ہو گئے ہیں۔
  • جمہوریت میں یہ ضروری نہیں کہ کون کتنی سیٹیں حاصل کرتا ہے ضروری یہ ہے کہ لوگ کیا چاہتے ہیں۔
  • مرکز میں مودی کی حکومت تھی اور کرناٹک میں کانگریس کی، اس کے باوجود کرناٹک کے ساتھ کوئی تفریق نہیں برتی گئی۔
  • لوگوں نے اگر 113 سیٹیں دی ہوتی تو ریاست کا چہرہ بدل جاتا۔
  • اب میں لوگوں کے بیچ جاؤں گا اور پوری ریاست کا دورہ کروں گا۔
  • مطلوبہ نمبر حاصل کرنے میں ناکام، میں استعفیٰ دے رہا ہوں، یدی یورپا
19 May 2018, 3:50 PM

آزاد، کھڑگے، ہیگڑے مہمان گیلری میں موجود

کرناٹک اسمبلی میں مہمان گیلری میں مرکزی سطح کے رہنماؤں کو دیکھا جا سکتا ہے۔


19 May 2018, 3:09 PM

کیا ارکان اسمبلی کی خرید فروخت پر مودی کچھ بولیں گے: سدا رمیا

کانگریس کے ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کو لے کر کانگریس کے رہنما اور کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ سدا رمیا نے وزیر اعظم مودی پر نشانہ سادھا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کے ذریعے کہا، ’’وزیر اعظم مودی بدعنوانی کے مدے پر ملک کو بھاشن دیتے نہیں تھکتے۔ کیا ان کے پاس اتنی اخلاقی ہمت ہے کہ وہ کرناٹک بی جے پی اور یدی یورپا کو یہ صلاح دیں کہ وہ ارکان اسمبلی کو رشوت دینے کی کوشش بند کریں اور کرناٹک کے مفاد میں ایک مستقل اتحادی حکومت کی تشکیل کی اجازت دیں؟‘‘

19 May 2018, 3:02 PM

پرتاپ گوڈا اسمبلی پہنچے

کانگریس کے غیر حاضر رہے دو ارکان اسمبلی میں سے ایک آخر کار کرناٹک اسمبلی پہنچ گئے ہیں۔ اسمبلی میں پرتاپ گوڈا نے کھانا کھایا اور ڈی کے سریش اور دنیش گنڈو راؤ ان کے ساتھ موجود رہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ آنند سنگھ بھی کچھ دیر میں اسمبلی پہنچ جائیں گے۔


19 May 2018, 2:53 PM

بی جے پی کی ہارس ٹریڈنگ کا پانچواں آڈیو ٹیپ جاری

بی جے پی کی طرف سے کانگریس اور جے ڈی ایس کے ارکان اسمبلی کو لالچ دے کر خریدنے کی کوشش کے الزامات لگاتار عائد ہو رہے ہیں۔ کانگریس نے ایسا پانچواں آڈیو ٹیپ جاری کیا ہے جس میں بی جے پی کی طرف سے کانگریس کے رکن اسمبلی کو لالچ دیا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق آڈیو کلپ میں بی جے پی کے پی مرلی دھر راؤ اور سریمولو کانگریس کے رکن اسمبلی بی سی پاٹل کو 25 کروڑ کی پیشکش کر رہے ہیں۔

19 May 2018, 2:40 PM

پرتاپ گوڈا پاٹل واپس آ گئے ہیں: ڈی کے شیو کمار

کانگریس کے رہنما ڈی کے شیو کمار نے دعویٰ کیا ہے کہ، ’’پرتاپ گوڈا پاٹل واپس آ گئے ہیں۔ وہ رکن اسمبلی کے طور پر حلف لیں گے اور کانگریس کے حق میں ووٹ دیں گے۔ وہ کانگریس کو دھوکہ نہیں دیں گے۔‘‘

یدی یورپا کے فلور ٹیسٹ سے قبل استعفیٰ دینے کے سوال پر شیو کمار نے کہا، ’’مجھے پورا یقین ہے کہ وہ اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے سے قبل ہی استعفیٰ دے دیں گے۔‘‘

دریں اثنا، کانگریس کے رکن اسمبلی پرتاپ گوڈا پاٹل کو بھی ہوٹل گولڈ فنچ سے باہر نکلتے دیکھا گیا۔ وہ وہاں سے اسمبلی کے لئے نکل رہے ہیں۔


19 May 2018, 2:33 PM

کانگریس لاپتہ رکن اسمبلی کا سراغ لگا

کانگریس رکن سمبلی آنند سنگھ جو اسمبلی نہیں پہنچے ہیں انہیں بنگلورو کے گولڈ فنچ ہوٹل کے باہر دیکھا گیا ہے۔ خبروں کے مطابق فلور ٹیسٹ کے وقت وہ اسمبلی میں موجود رہیں گے۔

قبل ازیں اطلاعات تھیں کہ کانگریس کے دو ارکان اسمبلی آنند سنگھ اور پرتاپ گوڈ پاٹل کو بی جے پی کے رکن اسمبلی جی سوم شیکھر ریڈی کے ساتھ دیکھا گیا ہے۔ پولس کی ایک ٹیم ان تینوں ارکان اسمبلی کی تلاش میں روانہ بھی ہوئی تھیں۔

19 May 2018, 1:58 PM

فلور ٹیسٹ سے قبل یدی یورپا استعفی دے سکتے ہیں!

کرناٹک اسمبلی میں یدی یورپا کو شام 4 بجے اکثریت ثابت کرنی ہے۔ دریں اثنا کئی میڈیا چینلوں پر خبر نشر ہو رہی ہے کہ فلور ٹیسٹ سے پہلے ہی یدی یورپا استعفی دے سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق واضح اکثریت نہ ہونے کے سبب وہ یہ قدم اٹھانے جا رہے ہیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ استعفی سے قبل یدی یورپا ایک جذباتی تقریر بھی پیش کریں گے۔

بی جے پی کے لئے ایوان میں 112 کا اکثریت کا ہدف حاصل کرنا پانا ایک بڑا چیلنج ہے۔ کانگریس-جے ڈی ایس نے اپنے ایک ایک رکن اسمبلی پر پہرا بیٹھا رکھا ہے اور پورے معاملہ پر سپریم کورٹ کی بھی نظر ہے۔ فی الحال تو یہی تصور کیا جا رہا کہ یدی یورپا کی حکومت چلی جائے گی۔


19 May 2018, 1:50 PM

کانگریس-جے ڈی ایس نے اپنے ارکان اسمبلی کے لئے وہپ جاری کیا

کانگریس اور جے ڈی ایس نے اپنے ارکان اسمبلی کے لئے وہپ جاری کر دیا ہے کہ فلور ٹیسٹ کے دوران وہ یدی یورپا کے خلاف ووٹ کریں۔

19 May 2018, 12:40 PM

کرناٹک اسمبلی میں فلور ٹیسٹ کی تیاریاں، یدی یورپا کو سخت چیلنج کا سامنا

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا کے سامنے اس وقت اکثریت ثابت کرنے کا سخت چیلنج ہے۔ اکثریت نہ ہونے کے باوجود گورنر وجوبھائی والا نے انہیں حکومت سازی کے لئے مدعو کیا اور انہیں حلف برداری بھی کروادی لیکن آج انہیں شام 4 بجے اکثریت ثابت کرنی ہوگی۔ اگر وہ اکثریت ثابت کر پائے تو ٹھیک ورنہ ان کی کرسی چلی جائے گی اور حکومت سازی کا موقع ایچ ڈی کماراسوامی کے ہاتھ میں آجائے گا۔ کماراسوامی کی پارٹی جے ڈی ایس کانگریس کے ساتھ اتحاد کر چکی ہے اور انہیں اکثریت ثابت کرنے میں زیادہ دقت نہیں ہوگی۔

دریں اثنا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر رہنما ویرپّا موئلی نے کہا کہ بی جے پی پوری دنیا میں بے نقاب ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا ’’وہ (بی جے پی) جانتے ہیں کہ ان کے پاس 104 ارکان اسمبلی ہی ہیں، اس کے باوجود وہ ارکان اسمبلی کو خریدنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں جبکہ ہمارے ارکان اسمبلی نہیں ٹوٹ رہے۔ ہمارے دو ارکان اسمبلی ابھی تک نہیں پہنچے ہیں لیکن ہمیں پورا یقین ہے کہ وہ ہماری ہی حمایت کریں گے۔‘‘

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ یدی یورپا، تصویر یو این آئی
کرناٹک کے وزیر اعلیٰ یدی یورپا، تصویر یو این آئی

19 May 2018, 12:23 PM

کپل سبل اور ابھیشیک منو سنگھوی کی پریس کانگریس، دیکھیں لائیو

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کپل سبل اور ابھیشیک منو سنگھوی پریس کانگریس کے ذریعے میڈیا سے خطاب کر رہے ہیں۔

19 May 2018, 12:15 PM

یدی یورپا کے بیٹے کی ہارس ٹریڈنگ کی آڈیو کلپ جاری

کرناٹک میں کانگریس اور جے ڈی ایس کی طرف سے بی جے پی پر لگاتار الزامات عائد کئے جارہے ہیں کہ وہ ہارس ٹریڈنگ یعنی کہ ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش میں مصروف ہے۔ دریں اثنا کانگریس نے ایک آڈیو کلپ جاری کیا ہے جس میں کرناٹک کے وزیر اعلیٰ یدی یورپا کے بیٹے کو سنا جا سکتا ہے۔ وہ رکن اسمبلی کو لالچ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

19 May 2018, 11:41 AM

کانگریس کے دو ارکان تا حال اسمبلی نہیں پہنچے

کانگریس کے دو ارکان اسمبلی آنند سنگھ اور پرتاپ گوڑا ابھی تک اسمبلی نہیں پہنچے ہیں۔ گزشتہ روز کانگریس نے الزام عائد کیا تھا کہ بی جے پی کی طرف سے کئی ارکان اسمبلی کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ آنند سنگھ کے حوالہ سے جے ڈی ایس کے کماراسوامی نے کہا تھا کہ انہیں کسی مرکزی وزیر نے فون کے ذریعہ بلایا گیا اور اغوا کیا گیا ہے۔

بہر حال اسمبلی میں فلور ٹیسٹ کی تمام تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ اور شام 4 بجے یدی یورپا کو اکثریت ثابت کرنی ہے۔ اس میں یدی یورپا کامیاب ہوں گے یا ناکام یہ دیکھنا ابھی باقی ہے۔

19 May 2018, 11:32 AM

اہم مدا شفافیت کا تھا، کانگریس کی جیت ہوگی: ابھیشیک منوسنگھوی

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ابھیشیک منو سنگھوی نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’اہم ترین مدہ شفافیت قائم رکھنے کا تھا۔ چونکہ ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل نے بیان دیا ہے کہ ایوان کی کارروائی براہ راست نشر کی جائے گی، ہمیں پوری امید اور بھروسہ ہے کہ غیر جانبداری برتی جائے گی۔ اس بات پر مجھے کوئی شبہ نہیں کہ کانگریس اور جے ڈی ایس کی ہی جیت ہوگی۔‘‘

کرناٹک: کماراسوامی 21 کو کے بجائے 23 مئی کو حلف لیں گے

ادھر سینئر ایڈوکیٹ مکل روہتگی نے کہا ’’سپریم کورٹ نے کانگریس کی عرضیوں پر سماعت کی اور تمام عرضیوں کو خارج کر دیا۔ کانگریس کی انہیں (کے جی پوبیا) عہدے سے ہٹانے کی تمام کوششیں ناکام ہو گئیں۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ خوفزدہ ہیں اور وہ فلور ٹیسٹ نہیں چاہتے۔‘‘


19 May 2018, 11:20 AM

بی ایس یدی یورپا اور سدا رمیا نے حلف لیا

کرناٹک اسمبلی کے ارکان اسمبلی نے حلف لینا شروع کر دیا ہے۔ پروٹیم اسپیکر کے جی بوپیا نے وزیر اعلیٰ یدی یورپا اور سابق وزیر اعلیٰ سدا رمیا کو رکن اسمبلی کے طور پر حلف دلوایا۔

19 May 2018, 11:17 AM

بوپیا رہیں گے پرو ٹیم اسپیکر، فلور ٹیسٹ کا ہوگا لائیو ٹیلی کاسٹ، عدالت

کرناٹک کے گورنر وجو بھائی والا کی طرف سے کے جی بوپیا کو پورٹیم اسپیکر بنائے جانے کے فیصلہ کو سپریم کورٹ نے ہری جھنڈی دے دی ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ کے جی بوپیا پروٹیم اسپیکر کے طور پر کام کر سکتے ہیں۔ ساتھ ہی عدالت عظمیٰ نے کہا کہ شفافیت برقرار رکھنے کا سب سے اچھا اقدام یہ ہے کہ تمام کرروائی کو براہ راست نشر کیا جائے۔


19 May 2018, 11:08 AM

کرناٹک اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی کا آغاز

ایک طرف پوو ٹیم اسپیکر کی تقرری کے معاملہ پر سپریم کورٹ میں سماعت جاری ہے تو دوسری طرف کرناٹک اسمبلی کی کارروائی کا آغاز ہو چکا ہے اور کے جی پوبیا پرو ٹیم اسپیکر کے طور پر ایوان میں موجود ہیں۔

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا ایوان میں موجود ہیں۔

یدی یورپا کے علاوہ سدا رمیا اور ڈی کے شیو کمار کو بھی ایوان میں دیکھا جا سکتا ہے۔

کے جی بوپیا نے اسمبلی میں پورٹیم اسپیکر کے طور پر کام کرنا شروع کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ اسمبلی میں 4 بجے فلور ٹیسٹ ہونے جا رہا ہے۔

19 May 2018, 10:59 AM

ایوان کی طویل مدتی روایت کو توڑا گیا: کپل سبل

کانگریس-جے ڈی ایس کی طرف سے اپنی دلیل پیش کرتے ہوئے کپل سبل نے کہا کہ کے جی بوپیا کی تقرری سے ایوان کی طویل مدتی روایت توڑ دی گئی ہے۔ جسٹس ایس اے بوڈبے نے سوال کیا کہ ایسے کئی معاملات ہیں جب سب سے بزرگ رکن اسمبلی کو پرو ٹیم اسپیکر مقرر نہیں کیا گیا۔

اس پر کپل سبل نے کہا کہ کے جی بوپیا کی مختلف تاریخ رہی ہیے۔ ان کو ایک بار اور نااہل قرار دیا گیا ہے اور اسی عدالت نے وہ فیصلہ سنایا تھا۔


19 May 2018, 10:52 AM

کپل سبل، ابھیشیک منو سنگھوی اور رام جیٹھ ملانی سپریم کورٹ میں پیش

کے جی بوپیا کی پروٹیم اسپیکر کے طور پر تقرری کے معاملہ پر سپریم کورٹ میں سماعت جاری ہے۔ کانگریس اور جے ڈی ایس کی طرف سے ابھیشیک منو سنگھوی اور کپل سبل پیش ہوئے ہیں جبکہ سینئر ایڈوکیٹ رام جیٹھ ملانی بھی ان کے ساتھ پیش ہوئے ہیں۔

اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال اور ایڈیشنل سولیسیٹر جنرل تشار مہتا، سینئر ایڈوکیٹ مکل روہتگی کے ساتھ پروٹیم اسپیکر کی تقرری کی طرف سے صفائی پیش کریں گے۔

معاملہ کی سماعت کے دوران کپل سبل نے کے جی بوپیا کی پروٹیم اسپیکر کے طور پر تقرری پر سوال اٹھائے۔ کپل سبل نے کہا، ’’کسی بھی رکن اسمبلی کو اس وقت ہی پروٹیم اسپیکر بنایا جاتا ہے جب وہ سب سے زیادہ سینئر ہو، یہ ہو اصول پارلیمنٹ کے لئے بھی لاگو ہوتا ہے۔‘‘ اس کے علاوہ کپل سبل نے کے جی بوپیا کے ماضی کو بھی داغ دار قرار دیا اور کہا کہ ان پر بد عنوانی کے الزامات عائد ہو چکے ہیں۔

19 May 2018, 10:47 AM

کرناٹک اسمبلی میں ارکان کے پہنچے کا سلسلہ

کرناٹک اسمبلی کا اجلاس 11 بجے شروع ہونے جا رہا ہے۔ اس سے قبل کانگریس، جے ڈی ایس اور بی جے پی کے ارکان کا اسمبلی پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کانگریس کے ارکان اسمبلی کرناٹک اسمبلی پہنچ چکے ہیں۔

وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا دیگر بی جے پی ارکان کے ساتھ کرناٹک اسمبلی پہنچ گئے ہیں۔


19 May 2018, 10:40 AM

پروٹیم اسپیکر کی تقرری پر سپریم کورٹ میں سماعت شروع

کرناٹک کے گورنر وجو بھائی والا کی طرف سے کے جی بوپیا کو پرو ٹیم اسپیکر مقرر کئے جانے کے کا معاملہ سپریم کورٹ میں پہنچ گیا ہے جہاں پر سماعت کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس معاملہ میں کانگریس اور جے ڈی ایس نے مشترکہ طور پر عرضی داخل کی ہے۔

19 May 2018, 9:22 AM

سپریم کورٹ میں پروٹیم اسپیکر کی تقرری پر 10.30 بجے سماعت

کرناٹک اسمبلی میں شام 4 بجے فلور ٹیسٹ (اکثریت ثابت کرنا) سے قبل پروٹیم اسپیکر کی تقرری پر سپریم کورٹ میں آج صبح 10.30 بجے سماعت ہوگی۔ گورنر کے فیصلے کے خلاف کانگریس-جے ڈی ایس کی عرضی پر سماعت ہوگی۔

سپریم کورٹ کے حکم کے بعد جمعہ کو گورنر وجو بھائی والا نے بی جے پی کے رکن اسمبلی کے جی بوپیا کو اسمبلی کا پروٹیم اسپیکر مقرر کیا تھا۔ کانگریس نے الزام عائد کیا تھا کہ گورنر نے پروٹیم اسپیکر کی تقرری میں اصولوں کو نظر انداز کیا ہے۔

کانگریس اور جے ڈی ایس کے ارکان اسمبلی حیدرآباد سے بنگلورو پہنچ چکے ہیں۔ خرید و فروخت کے خدشے کے سبب تمام ارکان اسمبلی کو حیدرآباد بھیج دیا گیا تھا۔ کانگریس نے بی پی پر الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی کی طرف سے اس کے ارکان اسمبلی کو دھمکی دی جا رہی ہے۔

فلور ٹیسٹ سے قبل یدی یورپا ہوٹل شنگریلا پہنچے ہیں جہاں وہ پارٹی کے ارکان کے ساتھ اجلاس کر رہے ہیں۔


19 May 2018, 9:51 AM

کرناٹک اسمبلی میں آج شام 4 بجے فلور ٹیسٹ

سپریم کورٹ کے حکم کے بعد آج شام 4 بجے کرناٹک اسمبلی میں فلور ٹیسٹ ہوگا جس میں بی ایس یدی یورپا کو اکثریت ثابت کرنی ہے۔ بی جے پی کے پاس کل 104 ارکان اسمبلی ہیں۔ اسے اکثریت ثابت کرنے کے لئے 7 ارکان اسمبلی کی اور ضرورت ہوگی۔ دریں اثنا یدی یورپا کا دعویٰ ہے کہ وہ اکثریت ثابت کر دیں گے۔ وہیں کانگریس-جے دی ایس اتحاد کا دعویٰ ہے کہ ان کے پاس 117 ارکان اسمبلی ہیں۔

کرناٹک اسمبلی کے باہر سخت سیکورٹی

فلور ٹیسٹ سے قبل کرناٹک اسمبلی کے باہر حفاظت کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ سپریم کورٹ کی طرف سے شام 4 بجے کا وقت طے کیا گیا۔ اس دوران کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہ آئے اس کے لئے بھاری تعداد میں پولس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

کرناٹک: کماراسوامی 21 کو کے بجائے 23 مئی کو حلف لیں گے

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔