سدارمیّا نے نریندرمودی، امت شاہ اوربی جے پی کے خلاف بھیجا 100 کروڑکا قانونی نوٹس

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا نے وزیر اعظم نریندر مودی سے انتخابی تقاریر کے دوران کانگریس حکومت پر لگائے گئے بدعنوانی کے الزامات کے لیے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیّا نے وزیر اعظم نریندر مودی، بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ اور کرناٹک میں بی جے پی کے وزیر اعلیٰ عہدہ کے امیدوار بی ایس یدی یورپّا کو مجرمانہ اور سول ہتک عزتی کا قانونی نوٹس بھیجا ہے۔ انھوں نے ہتک عزتی کے معاملے میں 100 کروڑ کا یہ قانونی نوٹس بھیجا ہے۔ سدارمیا کا یہ نوٹس کانگریس حکومت پر بی جے پی کے ذریعہ لگائے گئے بدعنوانی کے الزامات سے متعلق ہے۔

سی ایم سدارميا کی طرف سے پی ایم مودی کو بھیجے گئے نوٹس کی کاپی
سی ایم سدارميا کی طرف سے پی ایم مودی کو بھیجے گئے نوٹس کی کاپی

وزیر اعلیٰ سدارمیا نے وزیر اعظم مودی سے انتخابی تقریروں کے دوران کانگریس پر لگائے گئے بدعنوانی کے الزامات کے لیے مافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم مودی سمیت بی جے پی کے کئی لیڈروں نے کرناٹک میں انتخابی ریلیوں کے دوران وزیر اعلیٰ سدارمیا کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سدارمیا کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم مودی نے ان کے اوپر بدعنوانی کے ایسے جھوٹے الزامات عائد کیے ہیں جس کا کوئی ثبوت ان کے پاس نہیں ہے۔

قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کرناٹک میں انتخابی تقریروں کے دوران وزیر اعلیٰ سدارمیا اور ان کی حکومت پر بدعنوانی کے کئی سنگین الزامات عائد کیے تھے۔ اپنی تقریر میں وزیر اعظم نے کہا تھا کہ سدارمیا سرکار ’سیدھا روپیہ‘ سرکار ہے اور کرناٹک میں بغیر 10 فیصد کمیشن دیے کوئی کام نہیں ہو سکتا۔ بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ اور یدی یورپا بھی سدارمیا حکومت پر بدعنوانی کے الزامات عائد کر چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔