اہم خبریں: راہل گاندھی نے اسکولوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا

تصویر اے آئی سی سی
تصویر اے آئی سی سی
user

قومی آوازبیورو

05 Dec 2019, 6:14 PM

راہل گاندھی نے اسکولوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا

ملاپورم: کانگریس لیڈر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے مرکز اور ریاستی حکومتوں سے اسکولوں میں ضروری اور بنیادی سہولیات مہیا کرانے کی اپیل کی ہے۔

راہل گاندھی نے كرورنکنڈو میں جي ایچ ایس ایس کے قریب نئے سائنس لیبارٹری کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ بنیادی سہولیات کے فقدان میں وائيناڈ کے ایک اسکول میں حال ہی میں سانپ کے کاٹنے سے پانچویں کلاس کی طالبہ کی موت ہو گئی تھی۔

راہل گاندھی نے ایم پی ایل ڈی فنڈ کے تحت محدود وسائل دستیاب ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست کے اسکولوں میں ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لئے جو بھی ممکن ہوگا وہ کریں گے۔ان کےانگریزی میں دیئے گئے بیان کو وہاں کے ایک طالب علم نے ترجمہ بھی کیا۔

05 Dec 2019, 4:49 PM

ایودھیا معاملہ: سپریم کورٹ کے فیصلہ اور آئینی اخلاقیات پر پبلک میٹنگ 6 دسمبر کو

نئی دیلی: غیرسرکاری تنظیم انہداور کاروان محبت نے اجودھیا مقدمہ میں سپریم کورٹ کے فیصلے اور آئینی اخلاقیات کے موضوع پر بحث کے لئے 6 دسمبر 2019 کو یہاں کانسٹیوشن کلب کے ڈپٹی چیئرمین ہال میں دوپہر دو بجے سے شام چھ بجے تک ایک پبلک میٹنگ کا اہتمام کیا ہے  یہاں انہد کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے نے انصاف، مساوات اور آئینی اقدار پر یقین رکھنے والے تمام لوگوں کو گہری تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ بیان کے مطابق اس میٹنگ میں سرکردہ صحافی اور سماجی کارکن اپنے خیالات کا اظہار کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کریں گے۔ مقررین میں عارفہ خانم شیروانی ،بھاشا سنگھ، فرح نقوی، ہرش مندھر ، ہرتوش سنگھ بل ، شبنم ہاشمی، سیدہ حمید، ایس وائی قریشی ، ارملیش اور گوہر رضا شامل ہیں۔

05 Dec 2019, 3:43 PM

مغربی بنگال: مالدہ میں خاتون کی جلی ہوئی لاش برآمد، پولس جانچ شروع

مغربی بنگال کے مالدہ واقع انگلش بازار تھانہ علاقہ میں خاتون کی جلی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے۔ مالدہ کے ڈی ایس پی پرشانت دیب ناتھ نے کہا کہ لاش کو کیروسین ڈال کر جلایا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ مجھے شبہ ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ رات کا ہے۔ لاش پر کئی طرح کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور جانچ کی کارروائی آگے بڑھانے کے لیے پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے۔


05 Dec 2019, 3:12 PM

حیدر آباد عصمت دری اور قتل واقعہ: شہر میں دو دنوں کے لیے دفعہ 144 نافذ

حیدر آباد عصمت دری اور قتل کیس نے جہاں پورے ملک کو غم و غصے میں مبتلا کر دیا ہے، وہیں حیدر آباد شہر میں دو دنوں کے لیے دفعہ 144 نافذ کیے جانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ حیدر آباد پولس کی طرف سے دی گئی جانکاری کے مطابق آئندہ دو دنوں تک شہر میں دفعہ 144 نافذ رہے گی۔ 5 دسمبر صبح 6 بجے سے اسے نافذ کر دیا گیا ہے۔ حیدر آباد پولس کمشنر انجنی کمار نے اس بات کی جانکاری دی ہے کہ شہر میں 5 دسمبر سے لے کر 7 دسمبر تک یہ پابندی رہے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ اس انٹلیجنس انفارمیشن کے بعد لیا گیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ کچھ تنظیمیں حیدر آباد شہر میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

05 Dec 2019, 2:16 PM

یو پی میں کوئی محفوظ نہیں، واقعات بتاؤں گی تو آپ حیرت میں پڑ جائیں گے: جیہ بچن

سماجوادی پارٹی رکن پارلیمنٹ جیہ بچن نے اتر پردیش میں جرائم کے بڑھتے واقعات پر میڈیا کے سامنے اپنا رد عمل ظاہر کیا۔ انھوں نے ریاست میں جرائم، خصوصاً خواتین میں پیدا خوف کے تعلق سے کہا کہ ’’اتر پردیش میں حفاظت کہاں ہے؟ کسی کی حفاظت نہیں ہے۔ ابھی آپ کو واقعات بتاؤں گی یو پی کی تو آپ حیران ہو جائیں گے۔‘‘


05 Dec 2019, 12:48 PM

پریس کانفرنس میں چدمبرم کا بڑا بیان، کہا ’بغیر کسی الزام لیڈروں کو حراست میں لے رہی مودی حکومت‘

پی چدمبرم نے سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد آج پہلا پریس کانفرنس کیا۔ انھوں نے اس پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکومت بغیر کسی الزام کے لیڈروں کو حراست میں لے رہی ہے۔ چدمبرم نے یہ بھی کہا کہ مودی حکومت معیشت کے محاذ پر پوری طرح سے ناکام ہوئی ہے، جی ڈی پی شرح میں لگاتار گراوٹ درج کی گئی ہے۔ چدمبرم نے سرکار کو ’ضدی‘ بھی بتایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’جیسا کہ کل رات میں نے آزادی کی سانس لی، کشمیر کے لوگوں کے لیے میری پہلی دعا ہے، جنھیں بنیادی آزادی سے محروم رکھا گیا ہے۔‘‘

05 Dec 2019, 11:56 AM

تمل ناڈو میں پیاز کی قیمت 120 روپے کلو سے لے کر 180 روپے کلو تک!

پیاز کی بڑھتی قیمتوں نے پورے ملک کے لوگوں کو پریشان کر رکھا ہے۔ تمل ناڈو سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق مدورائی میں پیاز 120 روپے کلو سے لے کر 180 روپے کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ ایک پیاز کے تاجر کا کہنا ہے کہ ’’پیاز کی قیمتوں میں تیزی آئی ہے۔ جو گاہک 5 کلو پیاز خرید رہے تھے، وہ اب صرف 2 کلو خرید رہے ہیں۔ اچھے معیار والے پیاز 180 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔‘‘


05 Dec 2019, 11:01 AM

اتر پردیش: جیل سے ضمانت پر چھوٹے ملزمین نے نابالغ عصمت دری متاثرہ کو کیا نذرِ آتش

اتر پردیش کے اناؤ سے ایک بار پھر وحشت ناک خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق نابالغ عصمت دری متاثرہ کو ضمانت پر چھوٹے ملزمین کے ذریعہ نذرِ آتش کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ملزمین نے متاثرہ پر کیروسین کا چھڑکاؤ کیا اور پھر اسے آگ کے حوالے کر دیا۔ متاثرہ کو سنگین حالت میں لکھنؤ واقع ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

05 Dec 2019, 10:33 AM

کرناٹک الیکشن: ای وی ایم میں خرابی کے بعد اتھانی کے ایک پولنگ بوتھ پر مشین تبدیل

کرناٹک ضمنی انتخابات کے دوران کچھ مقامات پر ای وی ایم میں خرابی کی باتیں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اتھانی کے تانگڈی پولنگ اسٹیشن پر پولنگ بوتھ نمبر 3 میں موجود ای وی ایم میں کچھ تکنیکی خرابی سامنے آئی ہے۔ خرابی سامنے آنے کے بعد ای وی ایم کو تبدیل کر دیا گیا ہے اور ووٹنگ کا عمل ایک بار پھر شروع ہو گیا ہے۔


05 Dec 2019, 10:00 AM

کرناٹک الیکشن: ووٹ ڈالنے کے بعد بی جے پی امیدوار نے ای وی ایم کو کیا ’نمسکار‘

کرناٹک میں 15 اسمبلی سیٹوں کے لیے ضمنی انتخاب ہو رہا ہے اور ووٹنگ کا عمل جاری و ساری ہے۔ اس درمیان ایک بی جے پی امیدوار کا ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں انھوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا اور پھر ای وی ایم کو ہاتھ جوڑ کر نمسکار کیا۔ واضح رہے کہ بی جے پی کے لیے یہ ضمنی انتخاب کافی اہم ہے کیونکہ اسے ریاست میں مستحکم حکومت کے لیے کم از کم 6 سیٹوں پر کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔

05 Dec 2019, 9:21 AM

مدھیہ پردیش: ریوا میں ٹرک اور بس کے درمیان زبردست ٹکر، 5 لوگوں کی موت، 7 زخمی

مدھیہ پردیش کے ریوا میں ایک دردناک حادثہ سرزد ہوا ہے۔ ہندی نیوز پورٹل نیوز 18 کی خبروں کے مطابق ٹرک اور بس کے درمیان ہوئی زبردست ٹکر میں 15 لوگوں کی موت ہو گئی جب کہ دو درجن سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو قریب کے اسپتال میں بغرض علاج داخل کرایا گیا ہے۔ شروعاتی خبروں میں 7 لوگوں کی ہلاکت کی اطلاع ملی تھی لیکن اب یہ تعداد کافی بڑھ گئی ہے۔


05 Dec 2019, 8:44 AM

کرناٹک ضمنی انتخاب: 15 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹنگ جاری، بی جے پی حکومت کی قسمت داؤ پر

کرناٹک میں 15 اسمبلی سیٹوں کے لیے ضمنی انتخاب کے پیش نظر آج ووٹنگ جاری ہے۔ ووٹنگ کا عمل آج صبح 7 بجے سے ہی شروع ہو گیا تھا اور لوگ دھیرے دھیرے پولنگ بوتھوں پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے پہنچ رہے ہیں۔ ریاست میں وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا کی قیادت والی بی جے پی حکومت کی قسمت بھی اس ضمنی انتخاب میں داؤ پر ہے۔ اگر بی جے پی کو 6 سے کم سیٹیں حاصل ہوئیں تو حکومت میں بنے رہنا اس کے لیے مشکل ہو جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔