کرناٹک: چینی مل کے بوئلر میں دھماکہ سے 6 لوگوں کی موت

پویس نے بتایا کہ ریاست کے سابق وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی مورگیش نرانی کی مذکورہ چینی مل کے بوئلر میں دھماکہ سے یہ حادثہ ہوا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بنگلورو: کرناٹک کے چامراج نگر ضلع میں مندر کا پرساد کھانے سے 13لوگوں کی موت کے حادثہ کو لوگ بھلا بھی نہیں سکے تھے کہ ریاست کے بگلکوٹ ضلع کے کولالی گاوں میں واقع چینی مل میں اتوار کو بوئلر میں دھماکہ ہوجانے سے چھ لوگوں کی موت اور چار دیگر زخمی ہوگئے۔

پویس نے بتایا کہ ریاست کے سابق وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی مورگیش نرانی کی مذکورہ چینی مل کے بوئلر میں دھماکہ سے یہ حادثہ ہوا۔ حادثہ کی وجہ کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ نرانی نے بوئلر یونٹ میں دھماکہ سے یہ حادثہ ہونے سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ دھماکہ چینی مل کے ڈسٹلری پلانٹ کے کچرہ انتظام پلانٹ میں ہوا۔

پولس نے اس حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ دھماکہ اتنا زبردست تھا کہ اس کی وجہ سے تین منزلہ عمارت منہدم ہوگئی۔ فائر بریگیڈ محکمہ کا عملہ کرینوں اور بھاری مشنری کی مدد سے ملبہ ہٹانے کا کام کررہا ہے۔

وزیراعلی ایچ ڈی کمارسوامی نے واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جانچ کی ہدایت دی ہے۔

اپوزیشن کے لیڈر اور بی جے پی کے ریاستی صدر بی ایس یدی یورپا نے واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے مورگیش نرانی سے مرنے والوں کے لواحقین کو مالی مدد دینے کی بات کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔