کرناٹک: یدی یورپا کے بیٹے کو ٹکٹ نہ ملنے پر بی جے پی کارکنان کا ہنگامہ

بی جے پی نے کرناٹک میں اپنے وزیر اعلیٰ عہدے کے امیدوار یدی یورپا کے بیٹے کو ٹکٹ نہیں دیا، اس سے ناراض بی جے پی کارکنان نے جم کر ہنگامہ کیا اور توڑپھوڑ بھی کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کرناٹک کے لئے بی جے پی نے اپنے امیدواروں کی چوتھی فہرست جاری کر دی ہے جس میں پارٹی کے وزیر اعلیٰ عہدے کے امیدوار یدی یورپا کے بیٹے کو ٹکٹ نہیں مل سکا، جبکہ جناردن ریڈی کے ایک نزدیکی فرد کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اس سے ناراض ہو کر بی جے پی کے کارکنوں نے یدی یورپا کی ریلی میں کافی ہنگامہ کیا اور توڑ پھوڑ کی۔ ان کارکنان نے ’امت شاہ مردہ آباد، یدی یورپا مراد آباد اور اننت کمار مردہ آباد‘ کے نعرے بھی لگائے۔

دراصل کرناٹک میں ٹکٹوں کی تقسیم کو لے کر بی جے پی کو مسلسل مخالفت اور غصہ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پیر کے روز بی جے پی کے امیدواروں کی فہرست میں وزیر اعلی عہدے کے امیدوار بی ایس یدی یورپا کے بیٹے بی وائی وجیندر کا نام شامل نہیں تھا۔ جبکہ اس فہرست میں جناردن ریڈی کے ایک نزدیکی فرد کا نام شامل ہے۔ اس سے ناراض بی جے پی کارکنوں نے میسور میں اپنی ہی پارٹی کے صدر امت شاہ اور اننت کمار کے خلاف نعرے لگائے۔ یدی یورپا نے پیر کو اعلان کیا کہ ان کے بیٹے وجیندر اس دفعہ الیکشن نہیں لڑیں گے۔

قبل ازیں چرچہ عام یہ تھی کہ بی جے پی کے وزیر اعلیٰ عہدے کے دعویدار یدی یورپا کے بیٹے کو میسور کی ورونا سیٹ سے امیدوار بنایا جائے گا۔ لیکن بی جے پی ہائی کمان نے کچھ اور ہی فیصلہ کیا اور وجیندر کو ٹکٹ نہیں دیا۔ اس سیٹ سے موجودہ وزیر اعلیٰ سدارمیا کے بیٹے یتیندر سدا رمیا کانگریس کے امیدوار کے طور پر میدان میں ہیں۔

ناراض بی جے پی کارکنوں نے میسور میں خبردار کیا ہے کہ اگر وجیندر کو ٹکٹ نہیں ملتا تو وہ پارٹی کی رکنیت کو ترک کردیں گے۔ حامیوں کا کہنا ہے کہ اسمبلی انتخابات میں ان کے رہنما کو ٹکٹ نہ دے کر ان کے ساتھ دھوکہ کیا گیا ہے۔ پارٹی کارکنان کے ہنگامہ کی وجہ سے یدی یورپا کے بیٹے وجیندر اپنے ہوٹل کے کمرے سے باہر نہیں نکل سکے۔

غورطلب ہے کہ منگل 24 اپریل کو کاغذات نامزد گی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے۔ ایسی صورت حال میں صرف دو نشستیں ہیں جہاں بی جے پی نے اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا ہے۔ ان میں سے ایک بادامی ہے اور دوسری ورونا۔ بادامی سے موجودہ وزیر اعلی سدا رمیا کانگریس کے امیدوار ہیں۔ بی جے پی کارکناں اس بات پر ناراض ہیں کہ بی جے پی کی چوتھی فہرست میں جناردن ریڈی کے نزدیکی کا نام شامل ہے۔ جبکہ جناردن ریڈی کے دو بھائیوں کو پہلے ہی ٹکٹ دئیے جا چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 24 Apr 2018, 7:32 AM