کرناٹک: بی جے پی نے باغی لیڈر ایشورپا کو 6 سال کے لئے پارٹی سے معطل کر دیا

زیر بحث شیوموگا لوک سبھا سیٹ سے اپنی نامزدگی واپس نہیں لینے کے ایشورپا کے فیصلے کے بعد بی جے پی کی تادیبی کمیٹی نے اس تعلق سے ایک حکم جاری کر دیا

<div class="paragraphs"><p>بی جے پی لیڈر ایشورپا / آئی اے این ایس</p></div>

بی جے پی لیڈر ایشورپا / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

بنگلورو: کرناٹک میں آزاد امیدوار کے طور پر لوک سبھا الیکشن لڑ رہے بی جے پی کے باغی لیڈر کے ایس ایشورپا کو پارٹی نے 6 سال کے لئے معطل کر دیا۔ زیر بحث شیوموگا لوک سبھا سیٹ سے اپنی نامزدگی واپس نہیں لینے کے ایشورپا کے فیصلے کے بعد بی جے پی کی تادیبی کمیٹی نے اس تعلق سے ایک حکم جاری کر دیا۔ اس سیٹ سے بی جے پی کے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا کے بیٹے بی وائی راگھویندر کو امیدوار بنایا گیا ہے۔

دراصل ایشورپا نے سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے ہاویری سے اپنے بیٹے کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا تھا لیکن جب ایسا نہ ہوا تو وہ باغی ہو گئے اور آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے بی جے پی لیڈر اور سابق سی ایم بی ایس یدی یورپا کے خلاف ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ وہ لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے میں یدی یورپا کے بیٹے بی وائی راگھویندر کے خلاف مقابلہ کریں گے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے خود ایشورپا سے اپنی نامزدگی واپس لینے کو کہا تھا لیکن وہ اس پر راضی نہیں ہوئے۔


پارٹی سے اپنی معطلی پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ایشورپا نے کہا، ’’میں الیکشن جیتوں گا اور پھر سے بی جے پی میں لوٹوں گا۔ باپ بیٹے کی جوڑی شروع سے ہی جھوٹ پھیلا رہی ہے۔ یدی یورپا نے دعویٰ کیا تھا کہ میں شیوموگا میں وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریب میں شامل ہوؤں گا جو میں نے نہیں کیا۔ بعد میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ میں کاغذات نامزدگی داخل نہیں کروں گا لیکن میں آگے بڑھ گیا۔ مجھے کانگریس اور جے ڈی ایس کی حمایت حاصل ہے۔‘‘

خیال رہے کہ آنجہانی سابق وزیر اعلیٰ ایس بنگارپا کی بیٹی گیتا شیوراج کمار اس مرتبہ کانگریس کے ٹکٹ پر شیوموگا سے الیکشن لڑ رہی ہے۔ وہ ریاست کے وزیر تعلیم مدھو بنگارپا کی بہن ہیں، جبکہ ان کے شوہر کنڑ سپراسٹار شیوراج کمار ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔