کرناٹک: ’بھکت بھگوا جھنڈا لگی دکانوں پر ہی جائیں‘، وی ایچ پی نے کی مسلم کاروباریوں کی مخالفت

وی ایچ پی لیڈر ایچ کے پروشوتم کا کہنا ہے کہ ضلع انتظامیہ کے ذریعہ غیر ہندو کاروباریوں کو منگلا دیوی مندر احاطہ میں دکان کھولنے کا موقع دیا ہی نہیں جانا چاہیے تھا۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

کرناٹک کے منگلور واقع منگلا دیوی مندر احاطہ میں ہندو اور مسلم کاروباریوں کو لے کر تنازعہ شروع ہو گیا ہے۔ وی ایچ پی کارکنان نے مندر احاطہ میں موجود سبھی ہندو کاروباریوں کی دکانوں میں بھگوا جھنڈے لگا دیے ہیں اور انھوں نے بھکتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھگوا جھنڈا لگی دکانوں سے ہی سامان کی خریداری کریں۔

وی ایچ پی کے جنوبی کنڑ ضلع چیف ایچ کے پروشوتم کا اس سلسلے میں بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ تہواروں کے موقع پر ضلع کے سبھی مندروں کو چاہیے کہ وہ صرف ہندو کاروباریوں کو ہی دکان لگانے کی اجازت دیں۔ انھوں نے کہا کہ ان دنوں تہواروں کا موسم چل رہا ہے، ایسے میں منگلا دیوی مندر کی انتظامیہ کمیٹی کا شکریہ جنھوں نے تہوار کے دوران ہندو کاروباریوں کو کاروبار کرنے کا موقع فراہم کیا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کے ذریعہ غیر ہندو افراد کو اسٹال لگانے کی اجازت دینی ہی نہیں چاہیے تھی۔ ساتھ ہی پرشوتم نے کہا کہ ’’مذہبی مقام پر ہمارا حق ہے جہاں دوسرے طبقہ کے لوگوں کے لیے رتھ بیڑھی پر کاروبار کرنے کا کوئی سوال ہی نہیں۔‘‘


واضح رہے کہ مندر احاطہ میں ہندو اور مسلم کاروباریوں کو لے کر تنازعہ کئی دنوں سے چل رہا ہے۔ جمعہ کے روز جنوبی کنڑ اور اڈوپی ضلع تہوار کاروبار کوآرڈنیشن کمیٹی نے مسلم کاروباریوں کی حمایت میں مظاہرہ بھی کیا تھا۔ اس دوران تہوار کاروباری کوآرڈنیشن کمیٹی نے مسلم کاروباریوں کے لیے اسٹال کا مطالبہ کیا تھا۔ بعد ازاں کچھ مسلم کاروباریوں کو اسٹال کے لیے جگہ کی نیلامی میں حصہ لینے کی اجازت ملی تھی۔

انتظامیہ کے اس فیصلے پر ایچ کے پرشوتم نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہندو مذہبی ادارے اور مذہبی بندوبست ایکٹ 1997 کے تحت غیر ہندوؤں کو رتھ بیڑی پر کاروبار کرنے کی اجازت دینے کا کوئی التزام نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ سبھی ہندو کاروباری صرف تہواروں کے دوران ہونے والے کاروبار پر ہی منحصر ہیں جو ان کی روزی روٹی کا اہم ذریعہ ہے۔ ایسے میں سبھی بھکتوں کو انہی دکانوں پر جانا چاہیے جن پر بھگوا جھنڈے لگے ہوئے ہیں۔


ڈی وائی ایف آئی نے وی ایچ پی کے اس قدم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ڈی وائی ایف آئی کا کہنا ہے کہ وی ایچ پی غریب ہندو اور مسلم کاروباریوں کے درمیان شگاف پیدا کر رہی ہے۔ ڈی وائی ایف آئی ضلع چیف بی کے امتیاز نے ضلع انتظامیہ سے منگلا دیوی مندر کے ساتھ ہی دیگر مندروں میں سبھی کاروباریوں کی سیکورٹی یقینی بنانے کی گزارش کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔