کرناٹک: ایک شخص کے پیٹ سے نکالے گئے 187 سکّے، سیزوفرینیا بیماری میں تھا مبتلا

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ الٹی اور پیٹ میں تکلیف کی شکایت کے بعد اس مریض کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، مریض کو سیزوفرینیا نامی بیماری ہے اور اسے سکّہ نگلنے کی عادت پڑ گئی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کرناٹک کے رائچور ضلع باگلکوٹ کے ہناگل شری کماریشور ہاسپیٹل اینڈ ریسرچ سنٹر میں ایک ایسا معاملہ سامنے آیا ہے جس کے بارے میں سن کر سبھی حیران ہیں۔ اسپتال میں ایک مریض کے پیٹ سے 187 سکّے نکالے گئے ہیں۔ پیٹ سے برآمد کیے گئے سکّوں میں 5 روپے کے 56 سکّے، 2 روپے کے 51 سکّے، اور 1 روپے کے 80 سکّے شامل ہیں۔ مریض کے پیٹ سے جو سکّے نکلے ہیں اس کا وزن 1.2 کلوگرام ہے۔ اگر دیکھا جائے تو مجموعی طور پر 462 روپے کے سکّے شخص کے پیٹ سے نکالے گئے۔

ڈاکٹروں نے بتایا کہ الٹی اور پیٹ میں تکلیف کی شکایت کے بعد اس مریض کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اس مریض کو سیزوفرینیا نامی بیماری ہے۔ اس کی وجہ سے مریض کو سکّے نگلنے کی عادت ہو گئی۔ دراصل سیزوفرینیا کے مریض غیر معمولی طرح سے سوچتے ہیں اور عجب احساس بھی کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ عجیب و غریب طرح کا سلوک بھی کرتے ہیں۔


بہرحال، یہ مریض لنگسوگر کا رہنے والا ہے۔ ان کا نام دیمپا ہریجن ہے اور عمر 58 سال ہے۔ مریض نے پیٹ درد ہونے کی شکایت کی جس کے بعد ان کا بیٹا روی کمار انھیں نزدیکی اسپتال لے کر پہنچا۔ یہاں ڈاکٹروں نے ایکسرے اور اینڈوسکوپی کی۔ اس کے ایبڈومینل اسکین سے پتہ چلا کہ پیٹ میں 1.2 کلوگرام سکّے ہیں۔ اس کے بعد آپریشن کر کے سکّوں کو نکالا گیا۔

مریض کا علاج کرنے والے ڈاکٹر ایشور کلبرگی نے بتایا کہ یہ ایک چیلنج بھرا کیس تھا۔ آپریشن کرنا بھی کافی مشکل تھا کیونکہ مریض کا پیٹ غبارے جیسا ہو گیا تھا۔ پیٹ میں ہر جگہ سکّے دکھائی دے رہے تھے۔ آپریشن تھیٹر میں ہم نے سی آر کے ذریعہ سکّوں کو تلاش کیا، اور میں نے دیکھا کہ سکّے کہاں کہاں دکھائی دے رہے ہیں۔ پھر ایک ایک کر سبھی سکّوں کو نکالا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔